🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹
2.85K subscribers
69.6K photos
227 videos
257 files
8.82K links
یہاں روزانہ اسلامی تاریخ اور بزرگانِ دین و علمائے ربانیین کی تاریخ ولادت و تاریخ وفات اور دینی باتیں (فوٹو،پوسٹ) تاریخ اور مہینے کی مناسبت سے مع کتابوں کی لِنکس بھیجی جاتی ہیں
طالب دعا 🤲
محمد جمال الدین خان قادری رضوی عفی عنہ
🆔 @Muhammad_Jamaluddin_Khan
Download Telegram
🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹
13-11-1444 ᴴ | 03-06-2023 ᴱ ▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬
13-11-1444 ᴴ | 03-06-2023 ᴱ
▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬▬
1
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1
پیر محمد ہاشم جان سر ہندی رحمۃ اللہ علیہ

نام و نسب:
اسم گرامی: پیر محمد ہاشم جان سرہندی ۔ لقب: شیخ المشائخ ۔

سلسلۂ نسب اس طرح ہے:
پیر محمد ہاشم جان سرہندی بن شیخِ طریقت حضرت خواجہ محمد حسن جان سرہندی بن خواجہ عبد الرحمن بن خواجہ عبد القیوم بن شاہ فضل اللہ سرہندی بن شاہ غلام نبی ۔

سلسلہ نسب تیرہویں پشت میں حضرت مجدد الف ثانی سے ملتا ہے ۔ (علیہم الرحمۃ والرضوان) ۔ (سندھ کے صوفیاء نقشبند ص:152)

تاریخِ ولادت:
آپ کی ولادت باسعادت ماہ ذیقدہ 1322ھ، مطابق 1904ء کو ٹنڈو سائیں داد ضلع حیدر آباد سندھ میں ہوئی ۔

تحصیلِ علم:
ابتدائی تعلیم ٹنڈو سائیں داد میں حاصل کی ۔ حفظ قرآن اور مہارت تجوید کیلئے حافظ احمد قادری کی خدمات حاصل کی گئی ۔ تیرہ سال کی عمر میں ’’حفظ قرآن ‘‘ کی سعادت حاصل کی اور حسن قراٗت میں نمایاں مقام پر فائزہوئے ۔ بقول حکیم عبدالعزیز سر ہندی ، اسد ملت حضرت علامہ سید اسد اللہ شاہ فدا ٹکھڑ والے نے ’’حافظ ہاشم ‘‘ سے حفظ قرآن کا مادہ تاریخ ( 1335ھ) نکالا۔ حافظ قرآن ہونے کے بعد عربی فارسی کی مزید تعلیم ٹنڈو سائیں داد میں والد ماجد کی زیر نگرانی حاصل کی ۔ اس کے بعد والد ماجد نے اعلیٰ تعلیم کے لئے اجمیر شریف بھیج دیا جہاں آپ نے علامۃ الہند مولانا معین الدین اجمیری کے ’’دارالعلوم معینیہ عثمانیہ ‘‘ سے درس نظامی کی تحصیل اور سند حاصل کی ۔ موصوف خیر آباد کے علمی خانوادہ کے ’’ارکان اربعہ ‘‘یا ’’اسطوانات اربعہ ‘‘ میں سے رابع تھے۔ امام الہند علامہ فضل حق خیر آبادی قدس سرہ کے شاگرد ارشد و فرزند ار جمند علامہ عبد الحق خیر آبادی اور ان کے شاگرد رشید حکیم الامت علامہ سید برکات احمد ٹونکی اور ان کے فاضل شاگرد علامہ معین الدین اجمیری تھے۔ مذکورہ ’’علماء اربعہ ‘‘ میں سے ہر ایک اپنے اپنے وقت میں علوم عقلیہ و نقلیہ میں ہندوستان کے افق پر ہزاروں علماء کی موجودگی میں بدور بازغہ کی طرح چمک رہا تھا۔ حکمت و طب :درس نظامی سے فراغت کے بعد آپ نے مولانا اجمیری کے بھا ئی شفاء الملک حکیم نظام الدین سے فن طب و طریق علاج میں سند حاصل کی۔ (انوار علمائے اہل سنت سندھ ص: 823)

بیعت و خلافت:
اپنے والد محترم حضرت خواجہ محمد حسن جان سر ہندی سے سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ میں بیعت تھے اور حضرت محمد یعقوب بھو پالی مجددی سر ہندی قدس سرہ کی صحبت اختیا ر کی اور حضرت قبلہ محمد صادق مجددی سر ہندی کابلی مہاجر مدنی سے سلوک طے کیا ۔ (ایضاً)

سیرت و خصائص:
عالم ربانی، عارف اسرار رحمانی، جامع علوم عقلیہ و نقلیہ، پیر ھدیٰ، محسن اہل سنت حضرت علامہ مولانا پیر محمد ہاشم جان سرہندی رحمۃ اللہ علیہ ۔

آپ علیہ الرحمہ سرہندی مجددی خاندان کے ایک روشن آفتاب و ماہتاب تھے ۔ اپنے آباؤ اجداد یعنی حضرت عمر بن خطاب اور حضرت امام ربانی کے محاسن صوری و معنوی کےآئینہ دار تھے ۔ صورت ایسی کہ نظر اٹھانے کو جی نہ چاہے ماور سیرت و صحبت ایسی کہ وہاں سے ہٹنے کو جی نہ چاہے ۔ علم و معرفت میں بحرِ ذخار، لیکن تواضع اور خوش خلقی ایسی جیسے ابر نو بہار ۔ آپ علیہ الرحمہ کو عربی فارسی اردو سندھی اور پشتو پر مہارتِ تامہ حاصل تھی ۔

آپ بے حد حسین و جمیل تھے ۔ چہرہ پرنور اور متبسم ، حافظہ بے مثال، قد مناسب، خوبصورت داڑھی، ہونٹ گلاب کی پتیوں کی طرح گلابی اور نازک، دانت موتی کی لڑیاں، ہونٹوں پر دائمی مسکراہٹ، پان کھائے ہوئے غنچہ دہن سے جب گفتگو فرماتے تو فضا خوشبو سے مہک جاتی، کسی کا دل نہ دکھاتے، وضع داری، صاف گوئی، اور بہت ہی اعلیٰ صفات کے مالک تھے ۔ منقولات و معقولات میں یکساں مہارت تھی ۔ آپ کی تقریر عالمانہ وفا ضلانہ ہوا کرتی تھی ایک بار لاڑکانہ شہر میں سفید مسجد علی گوہر آباد میں سورہ کوثر پر تین گھنٹہ تقریر فرمائی۔ ہمیشہ تبلیغ ووعظ کا فریضہ فی سبیل اللہ ادا کیا۔

تحریک پاکستان کا غلغلہ بلند ہوا تو آپ مسلم لیگ میں شامل ہو گئے اور اپنی تمام تر قوتوں کو مسلم لیگ کے لئے وقف کر دیا۔ کمیونسٹ بلاک اورسوشلزم کے خلاف تحریر و تقریر کے ذریعے مقابلہ کیا اور عوام الناس کو ان کے فریب و مکر سے بچانے کی سعی کی۔ آپ کے متبسم اور پر نور چہرہ دیکھ کر خدایا د آجاتا تھا۔ گوٹھ سائینداد، نارتھ ناظم آباد کراچی اور شابو کلہ ( کوئٹہ ) میں اکثر قیام کرتے تھے اور تینوں مقامات پر کتابوں کا ذخیرہ جمع کرایا تھا جو کہ آپ کے شوق مطالعہ و کتب بنیی کا مظہر ہے۔ لباس ، خوراک اور جائے رہائش امیر ا نہ تھی اور وضع قطع اور نشست و برخاست فقیر انہ تھی ۔ آپ کے وجود میں امیری اور فقیری آپس میں ہم آغوش نظر آتی تھی جو کہ امیری و فقیری کا حسین امتزاج کا درجہ رکھتے تھے۔
امام الانبیاء سید المرسلین ﷺ کی ذات گرامی سے بے انتہا عقیدت تھی ۔ آپ کا عشق کمال کی حدتک پہنچا ہوا تھا ۔ اکثر وبیشتر  درود شریف آپ کے ورد زبان ہوتا تھا ۔ جب ذات اقدس ﷺ کا نام نامی اسم گرامی زبان پر آتا یا کسی سے سن لیتے تو آپ پر ایک عجیب کیفیت طاری ہوجاتی۔آپ کی تقریر  اور وعظ کا اکثر موضوع محبت و عشق مصطفیٰﷺ اور سیرت ِ مبارکہ ہوتا تھا ۔ رسولِ اکرم ﷺ کی آپ پر خاص نظرِ کرم تھی ۔ جب کوئٹہ میں آپ سخت علیل ہوگئے تو سرور عالم ﷺ نے اپنے دیدار سے مشرف فرمایا ۔ جس سے اس عاشق ِ صادق کو قرار مل گیا،اورطبیعت سنبھل گئی ۔ آپ کا اکثر وقت علمی ودینی خدمات میں گزرتاتھا۔قیام کوئٹہ کےدوران ہر جمعہ اور ہفتہ کو پولیس لائن اور فوجی چھاؤنی فوجیوں سے خطاب فرماتے تھے۔آپ پولیس اور افواج پاکستان کی اسلامی تربیت لازمی سمجھتے تھے ۔ تحریکِ خلافت تحریکِ پاکستان میں بھر پور کردار ادا کیا ۔ نیشلسٹوں، سوشلزم اور نسل وقوم پرستوں کے خلاف سندھ میں آپ نے بہت بڑا جہاد کیا۔

جب سندھ میں جی ایم سید نے لسانیت وعلاقیت کا نعرہ بلند کیا اور یہ کہا کہ ہم پہلےسندھی اور بعد میں مسلمان ہیں۔تو آپ نے اس کی خوب خبر لی اس کے خلاف کتابچے ، مضامین شائع کیے اور اس فتنے کے سدباب کے لئے پورے سندھ کے درورے فرمائے ۔ ایک مرتبہ آپ سے سوال کیا گیا کہ اس وقت پاکستان مختلف فتنوں میں گھرا ہوا ہے آپ کے نزدیک سب سےبڑا فتنہ کون سا ہے؟تو آپ نے فرمایا یہاں لادینیت سب سے بڑا فتنہ ہے۔اس کی پرورش کرنے والے جی ایم سید اور شیخ ایاز ہیں۔یہ قادیانیت سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔یہ قومیت ولسانیت پر امت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔(سندھ کے صوفیائے نقشبند:158)

تاریخِ وصال:
مولانا پیر محمد ہاشم جان سر ہندی 21 رمضان المبارک 1395ھ بمطابق 28 ستمبر 1975ء کو 73 سال کی عمر میں شابو کلہ نزد کوئٹہ میں انتقال کیا۔ آخری آرامگاہ سر ہندیوں کے خاندانی قبرستان مقبرہ شریف خواجہ عبدالرحمن سر ہندی قدس سرہ کوہ گنجہ (ضلع حیدرآباد سندھ) کے باہر بر آمدہ میں جنوب کی جانب سے واقع ہے ۔

ماخذ و مراجع:
انوار علمائے اہل سنت سندھ ۔ سندھ کے صوفیائے نقشبند ۔ اکابر تحریک پاکستان ۔

https://scholars.pk/ur/scholar/hazrat-allama-peer-muhammad-hashim-jan-sarhandi
2
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
حضرت شاہ بہاءالدین باجن برہان پوری رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: اسم گرامی:شاہ بہاء الدین۔تخلص:باجن۔لقب:ادیبِ اول اردو،صاحبِ علم وعرفاں۔سلسلۂ نسب اس طرح ہے: حضرت شیخ بہاء الدین شاہ باجن بن حاجی معزالدین بن علاء الدین بن شہاب الدین بن شیخ ملک بن مولانا احمد خطابی مدنی علیہم الرحمۃ والرضوان۔آپ امیرالمؤمنین حضرت عمر بن خطاب﷜ کےبھائی ہبل بن خطاب کی نسل سےہیں۔آپ کےجد اعلیٰ حضرت شیخ احمد خطابی مدنی﷫حضرت ابو مدین ﷫کےمریدین میں سےتھے۔ علوم ِ دینیہ میں تبحر حاصل تھا۔ علم ِ حدیث کےتو گویا امام تھے۔ حدیث کی اکثر مشکلات صاحبِ حدیث علیہ السلام سےحل کراتےتھے۔ ہمیشہ آدھی رات کے وقت جب روضۂ رسولﷺ کی آستانہ بوسی کےلئےحاضر ہوتے، تو آپ کے لیے حرم محترم کےدروازے خود بخود کھل جاتے تھے، بارگاہِ حبیبﷺمیں رازو نیاز کی باتیں کرتےپھرواپس آجاتے۔(گلزار ابرار:212)

پھر یکایک دل میں سیر وسیاحت کی آرزو پیدا ہوئی،تو اپنےفرزند ارجمند شیخ ملک کوبھی ہمرا ہ لیا۔کچھ طلباء بھی ساتھ ہوگئے،اور مدینۃ المنورہ سےچلے،عراق،خراسان،ماوراء النہر،اور سندھ کی سیر کرتےہوئے دہلی پہنچے۔یہاں آپ سےلوگ بڑی محبت سےپیش آئے۔آپ کی اور آپ کےطلباء کی خوب خدمت کی۔جب بادشاہ کوآپ کی اطلاع کی آمد ہوئی تووہ بھی حاضر خدمت ہوا اور شدید خواہش کی کہ آپ ہمارے ملک میں رہیں،اور اپنےفیوضات وبرکات سےمستفید فرمائیں۔ پھر سلطان نے اپنی بیٹی کانکاح آپ کےصاحبزادے ’’شیخ ملک‘‘ سے کردیا۔کچھ عرصے کےلئے شیخ دہلی رونق افروز رہے۔کثیر مخلوقِ خدا نے استفادہ کیا۔کچھ عرصہ بعد اپنےوطن مالوف کی یاد تازہ ہوئی،اور مدینۃ المنورہ کی طرف روانہ ہوگئے۔پھر مدینہ طیبہ میں بقیہ زندگی گزاری اور وہیں کی خاک پاک میں آرام فرماہوئے۔(ایضا:213)

آپ کےصاحبزادے شیخ ملک دہلی میں قیام پذیرہوگئے۔ان کی اولاد کاسلسلہ جاری ہوگیا۔سب کے سب علم وفضل میں اپنی مثال تھے۔حضرت شیخ باجن﷫کےوالد گرامی مخدوم حاجی معزالدین﷫ حضرت مخدوم جہانیاں سید جلال الدین بخاری ﷫ کےجید خلیفہ تھے۔ان کی عمر ایک سو چالیس ہوئی۔سات مرتبہ حرمین کی زیارت سے مشرف ہوئے۔ایک مرتبہ ایسا ہوا کہ آپ کو اپنے خاندان کی ملاقات ودیدار کاشوق ہوا۔اس کےلئے حجاز کےسفر کاارادہ کیا۔جب احمد آباد گجرات(ہند) پہنچےتو عقیدت مندوں نے یہاں رہنے پہ مجبور کردیا۔پھر یہیں رہائش پذیر ہوگئے۔ان کی اولاد کاسلسلہ یہیں سےشروع ہوا۔(ایضا:)

تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت 790ھ مطابق 1388ء کواحمد آباد گجرات (ہند) میں ہوئی۔

تحصیلِ علم: آپ﷫ ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔گھر کا ماحول شروع سے ہی مذہبی تھا۔اس لیے بچپن میں ہی دین کی طرف لگاؤ پیدا ہوگیا تھا۔چار سال کی عمر تھی کہ والد کاسایہ سر سے اٹھ گیا۔ان کو شہید کردیا گیا۔آپ کی تعلیم وتربیت کی ساری ذمہ داری آپ کی والدہ محترمہ پر آگئی۔انہوں نے یہ ذمہ دار خوب نبھائی۔آپ کی والدہ کی خواہش تھی کہ حضرت شاہ برہان الدین کی خدمت میں رہ کر تعلیم وتربیت حاصل کریں،

اور شاہ صاحب نے آپ کوئی خاص توجہ نہیں کی۔ پھر ایک دن وہ اپنے چچا زاد بھائی شیخ میاں کی معرفت شیخ رحمت اللہ کی خدمت میں پہنچے،خانقاہ میں تعلیمی سلسلہ شروع کیا،اور وہیں پہ تکمیل ہوئی۔

بیعت وخلافت: دورانِ تعلیم آپ حضرت شاہ رحمت اللہ ﷫ کو قریب سے دیکھا،اور متأثر ہوکر دستِ بیعت ہوئے۔اکیس سال ان کی خدمت میں گزارے۔ یہاں تک کہ ولایت کے درجے کو پہنچے۔

سیرت وخصائص: جامع الفضائل والکمالاتِ علمیہ وعملیہ،صاحبِ اوصافِ کثیرہ،حضرت شیخ بہاء الدین باجن برہان پوری﷫۔آپ﷫ اپنے وقت کےنام ور عالم دین،صوفی شاعر،اور ولی کامل تھے۔اپنے اکابرین کی اعلیٰ صفات کے حامل ،ان کی امانتوں کے وارثِ کامل تھے۔اپنے پیر ومرشد کی خدمت میں اکیس سال گزارے،اور پھر ان کی اجازت سے خشکی کے راستے سفرحجاز پر روانہ ہوئے۔ دہلی سے خراسان پہنچے۔ وہاں سے کعبہ کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے۔ مراقبہ میں دیکھا کہ حضورسرورکائناتﷺ حج کی قبولیت کا مژدہ سنا رہے ہیں اور برہان پور کی طرف مراجعت کی ہدایت فرما رہے ہیں۔اسی طرح خواب میں آپﷺنےآپ کے پیر ومرشدسے فرمایا کہ اپنے مرید سے کہ دو کہ خیال ِ حج جو تم نےکیا تھا وہ قبول ہوا۔اب لوٹ خراسان سےبرہان واپس آجائے،اور وہیں قیام کرے،لوگوں کودین کی طرف بلائے،اور ان کا تزکیہ کرے۔ا س کی تعبیر آپ نےاپنے پیر ومرشد کےوصال سے کی۔چنانچہ نفس الامر میں ایسا ہی ہوا۔شیخ رحمت اللہ کا کوئی فرزند نہیں تھا،لہذا انہوں نےاپنے بھتیجے کوشیخ احمدعطاء اللہ بن شیخ شہر اللہ کواپنا جانشین مقرر کیا،اور وصیت کی کہ یہ خاص خرقہ شیخ باجن کےسپرد کردینا جو خراسان سےواپس آرہے ہیں۔آپ مرقدِ شیخ پہ حاضر ہوئے۔امانتی خرقہ لیا۔ پھر چند سال شیخ کے سجادہ نشین شیخ عطاء اللہ کی خدمت میں گزارے۔پھر اشارۂ غیبی سے دکن کی طرف روانہ ہوئے۔دولت آباد میں پہنچ کر سلطان برہان الدین غریب نواز کےمرقد مبارک پر حاضر ہوئے،اور علو ہمتی کی درخواست کی،یہاں سےشہر بیدر کی طرف
2
روانہ ہوئے،وہاں شیخ منجھلے تھے۔جومنصور ِ زماں مسعود بک کے خلیفہ تھے۔ان کی خدمت میں رہ کر چلہ کشی کی۔یہاں سےآپ کو خرقۂ خلافت عطاء ہوا۔(ایضا:214)

پھر غیب سےایسی قبولیت حاصل ہوئی کہ ہرطرف سےمخلوق خدا حاضر ہونے لگی۔مخلوق سےدل اکتایا،پھر آٹھ سال تک خلوت میں چلہ کشی کی،اور شہر سےچلےگئے۔اس کےبعد دیرینہ فرمان کی تعمیل عمل میں آئی جو برہان پور کی نسبت تھا۔برہان پور کےقریب نواحی موضع خان پور میں قیام کیا،جب مشائخ کرام اور حاکم وقت کو ان کی آمد کی اطلا ع ہوئی تو بصد اکرام و اعزاز ان کوشہر لائے، اور ان کےلئےایک مسجد، خانقاہ، اور خوابگاہ (گھر) تعمیر کروائے۔پھر بقیہ عمر یہیں لوگوں کی تربیت کرتےہوئے گزاری،اسی مقام پر انتقال ہوا۔

اردو زبان کے پہلے ادیب:
اردو زبان کی ابتدائی تاریخ کے مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ اس کے فروغ میں صوفیائے کرام کا نمایاں کردار تھا۔ زبان کے تشکیلی مراحل سے اس کی ترقی تک صوفیا کرام کے مختلف سلسلوں نے اس کو اختیار کیا اور اس سے قربت کا محرک بنے۔ اگرچہ صوفیا کرام کا اصل مقصد تبلیغ و اصلاح تھامگر بندگان خدا تک ترسیل و ابلاغ کے ایک ذریعے کے طور پر انھوں نے اس زبان کو اختیار کیا۔ کچھ تو ان کا خلوص اور جدوجہد اور کچھ اردو زبان کا عوامی لہجہ دونوں نے مل کر ایک دوسرے کو تقویت بخشی۔ واقعہ یہ ہے کہ صوفیائے کرام ایک ایسی دنیا کی تعمیر میں منہمک تھے جہاں دنیا داری کا شائبہ تک نہیں تھا بلکہ ایثار و اخلاص کی کارفرمائی تھی۔ اثیارواخلاص کے اسی ماحول میں اردو زبان نے اپنا سفرشروع کیا۔

شمس الرحمن فاروقی­ؔ نے’’اردو کا ابتدائی زمانہ،ادبی تہذیب وتاریخی پہلو ‘‘ میں شیخ بہاء الدین باجن ﷫ کو اردو کا پہلا باقاعدہ ’’ادیب ‘‘ قرار دیا ہے۔ شیخ باجن نے ’’خزائن رحمت اللہ‘‘ کے نام سے اپنا فارسی اور ہندی کلام کا مجموعہ مرتب کیا۔ اس میں صوفیا کی معروف ومقبول صنف سخن جکری بھی شامل تھی۔ ’’خزائن رحمت اللہ ‘‘میں شیخ نے ایک عرصۂ طویل کے لیے اردو زبان اور ادب کے حدود اربعہ بیان کردیے ۔ اس کی زبان ہندی ہے، اس کی بحریں ہندوستانی بھی ہیں اور فارسی بھی۔ اس کے مضامین مذہبی صوفیانہ بھی ہیں اور دنیاوی بھی۔ اس شاعری کی جڑیں عوام میں گہری ہیں۔ اور ہردلعزیز بن جانے کی صفت اس میں پوری طرح موجود ہے۔ اس کے معاملات میں زہد، روحانی اور صوفیانہ پاکیزگی نمایاں ہے۔ وطن کی محبت بھی ایک نمایاں وصف ہے۔ (ارود کا ابتدائی زمانہ: 70۔ 69)

انسان دوستی اور وطن سے غیر معمولی محبت نے ہی صوفیا کے آستانوں کو مرجع خلائق بنا دیا تھا۔ ان کے یہاں خویش و بیگانے کا لفظ ہی نہیں تھا۔ عام انسانوں کی بھلائی اور رہنمائی کے جذبے کے تحت ہی صوفیا نے ان زبانوں کو اختیار کیا جس کا دائرہ وسیع تھا۔ اور جس میں اتنی قوت تھی کہ اس سے پیغام رسانی ممکن ہو سکے۔ مخلوط زبانوں کا معیار خصوصا مقامی بولیوں اورمخلوط زبان فارسی صوفیا کے یہاں زیادہ ملتی ہے۔ ’’خزائن رحمت اللہ‘‘ نامی مجموعہ شیخ باجن کی یادگار ہے۔ اس میں انہوں نے اپنے پیر حضرت شاہ رحمت اللہ کے ارشادات، دوسرے بزرگوں کے اقوال وغیرہ جمع کیےتھے۔ جابجا اپنے اشعار اور دوہے بھی نقل کیے ہیں۔ کل آٹھ خزانے ہیں۔ زبان بالعموم سادہ اور آسان ہے۔ ان کا کلام اردو ادب کے اولین نقوش میں نمایاں مقام کا حامل ہے۔ صدافسوس کہ پاک وہند میں ’’اردو ادب‘‘ کی ترقی ونشریات کےکئی ادارے موجود ہیں،لیکن اردو ادب کے ادیبِ اول پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ نہ ہی ان کی شاعری کا مجموعہ دستیاب ہے۔

آپ﷫کےجانشین آپ کے صاحبزادے حضرت شیخ عبد الحکیم باجن﷫ ہوئے۔ ’’صاحبِ کنز العمال‘‘ حضرت شیخ علی متقی﷫ ان کے مریدین و خلفاء میں سے ہیں ۔

تاریخِ وصال:
آپ کا وصال 14 ذوالقعدہ 912ھ مطابق آخرِ مارچ 1507ء کو ہوا ۔ مزار پر انوار برہان پور انڈیا میں مرجعِ خلائق ہے ۔

آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی ولادت 790 ھ میں ہوئی اور وصال14 ذی القعدہ 912 ھ کوہوا۔

ماخذ و مراجع:
گلزار ابرار ۔ اردو کا ابتدائی زمانہ ۔

https://scholars.pk/ur/scholar/hazrat-shah-bahauddin-bajan-burhan-puri
2
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1
حضرت میر سید فضل اللہ کالپوی

نام و نسب:
اسمِ گرامی: میر سید فضل اللہ ۔ کالپی شریف کی نسبت سے "کالپوی" کہلاتے ہیں ۔

سلسلۂ نسب اس طرح ہے:
میر سید فضل اللہ کالپوی، بن میر سیدا حمد کالپوی، بن میر سید محمد کالپوی، بن سید شیخ ابو سعید ۔ (رحمۃ اللہ علیہم اجمعین) ۔ آپ کا تعلق "ترمذی سادات" سے ہے ۔ سب سےپہلے آپ کے جدامجد میر سید محمد کالپوی رحمۃ اللہ علیہ نے کالپی شریف میں فیض عام کیا۔

مقامِ ولادت:
آپ رحمۃ اللہ علیہ "کالپی شریف" ضلع جلاؤں، صوبہ اتر پردیش (ہندوستان) میں پیدا ہوئے ۔

تحصیلِ علم:
آپ رحمۃ اللہ علیہ نے تمام علوم عقلیہ ونقلیہ کی تحصیل وتکمیل اپنے والدِ گرامی سے حاصل کی۔ آپ کاشمار اپنے وقت کےجید علمائے کرام میں ہوتا تھا۔

بیعت و خلافت:
آپ رحمۃ اللہ علیہ اپنے والدِ گرامی شیخ الوقت،ولی کامل، عارف باللہ حضرت میر سید احمد رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہوئے،اور انہیں سے خرقہ خلافت حاصل کرکے صاحب ِارشاد ہو ئے۔

سیرت و خصائص:
عارف باللہ، واصل الی اللہ، نور العارفین حضرت میر سید فضل اللہ کالپوی رحمۃ اللہ علیہ۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ زہد و تقویٰ، عبادت و ریاضت، علم وعمل، رشد و ہدایت، وعظ و نصیحت میں ممتاز اور مشائخِ عصر میں معزز ومقبول تھے۔اس وقت کے خاص وعام آپ کی ذات کی طرف متوجہ ہوتے تھے،اوراپنے مسائل کاحل پاتےتھے۔یہی وجہ ہے: کہ جب سلطان العاشقین صاحب البرکات حضرت شاہ برکت اللہ مارہروی رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت سیدنا شاہ فضل اللہ کالپوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے علم وحکمت و سلوک ومعرفت کا شہرہ سنا توکالپی شریف جانے کا رختِ سفر باندھا ۔ کالپی شریف اس وقت علم وحکمت تہذیب وتمدنِ اسلامی کا قبلہ تھا ۔آپ سفر کی صعوبتیں اٹھا کر نور العارفین حضرت سید شاہ فضل اللہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی بارگا عالی وقار میں پہنچے تو انہوں نے تین بار فرمایا:"دریا بدریا پیوست" یعنی دریا دریا میں مل گیا۔صرف اسی کلمے ہی سے حضرت سید میر شاہ فضل اللہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے سید شاہ برکت اللہ مارہروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو سلوک وتصوف اور دیگر بہت سے مقامات کی سیر کرادی ۔حالانکہ حضرت صاحب البرکات علیہ الرحمہ سلاسلِ خمسہ میں مجاز،اور اپنے والدِ گرامی کے تربیت یافتہ تھے۔ اس واقعہ سے حضرت شاہ فضل اللہ علیہ الرحمہ کے فضل وشان کااندازاہ لگایا جاسکتا ہے۔

وصال:
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا وصال مبارک، بروز جمعرات شام کے وقت 14 ذوالقعدہ 1111ھ، بمطابق 2 مئی 1700ء، میں ہوا ۔ مزار مبارک کالپی شہر میں زیارت گا ہِ خلائق ہے ۔

ماخذ و مراجع:
شرح شجرہ قادریہ رضویہ عطاریہ
مجلس شعبہ ضیائی دار التحقیق ۔

https://scholars.pk/ur/scholar/hazrat-syed-fazlullah-kalpvi
2
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1
حضور تاج الشریعہ، حضرت علامہ مفتی محمد اختر رضا خان قادری برکاتی رضوی بریلوی رحمۃ الله تعالیٰ علیہ

نام و نسب:
اسمِ گرامی: محمد اسماعیل رضا ـ عرفیت: اختر رضا ۔ تخلص: اختر ۔ لقب: تاج الشریعہ ، ازہری میاں ، قاضی القضاۃ فی الہند ـ

نسب نامہ:
تاج الشریعہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد اختر رضا خاں ازہری بریلوی﷫ کا سلسلۂ نسب اِس طرح ہے:

تاج الشریعہ مفتی محمد اختر رضا خاں بن مفسراعظم ہند مولانا محمد ابراہیم رضا خاں بن حجۃ الاسلام مولانا محمد حامد رضا خاں بن شیخ الاسلام اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں بن رئیس الاتقیا مولانا نقی علی خاں بن امام العلما مولانا رضا علی خاں بن مولانا شاہ محمد اعظم خاں بن مولانا حافظ کاظم علی خاں بن محمد سعادت یار خاں بن شجاعت جنگ سعید اللہ خاں قندھاری﷭۔(مفتی اعظم اوراُن کے خلفاء، ص145)

حضرت تاج الشریعہ﷫ مفسرِ اعظم مولانا محمد ابراہیم رضا جیلانی میاں﷫ کے صاحبزادے، حجۃ الاسلام مولانا محمد حامد رضا خاں﷫ کے پوتے، مفتیِ اعظم ہند مولانا شاہ مصطفیٰ رضاخاں﷫ کے نواسے اور شیخ الاسلام اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں ﷜ کے پڑ پوتے تھے۔

ولادت:
آپ﷫ کی تاریخِ ولادت میں مختلف اقوال ہیں:

14 ذوالقعدہ 1361ھ مطابق 23 نومبر 1942ء، بروز منگل ۔

24 ذوالقعدہ 1362ھ مطابق 23 نومبر 1943ء ۔

25 محرم الحرام 1362ھ مطابق یکم فروری 1943ء ۔

25؍ صفر 1361ھ / 1942ء ۔

صاحبِ سوانحِ تاج الشریعہ کے بقول اوّل الذکر راجح ہے ۔ (سوانحِ تاج الشریعہ، ص:18)

تحصیلِ علم:
حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کی عمر شریف جب 4 ؍سال، 4؍ماہ اور 4؍ دن ہوئی تو آپ کے والدِ ماجد مفسر اعظم ہند مولانا ابراہیم رضا خاں جیلانی ﷫ نے تقریب بِسْمِ اللہ خوانی منعقد فرمائی ۔ اِس تقریبِ سعید میں دارالعلوم منظر الاسلام کے تمام طلبہ کو دعوت دی گئی۔رسم بِسْمِ اللہ ناناجان حضرت مفتیِ اعظم ہند ﷫نے کرائی۔قرآنِ مجید والدۂ ماجدہ سے گھر پر مکمل کیا۔ والدِ ماجد سے ابتدائی اردو کتب پڑھیں، اس کے بعد والدِ ماجد نے دارالعلوم منظرِ اسلام میں داخل کرادیا۔ درسِ نظامی کی تکمیل دارالعلوم منظر ِ اسلام سےکی۔ تاج الشریعہ بچپن ہی سے ذہانت و فطانت اور قوتِ حافظہ کے مالک ، اور عربی ادب کے دل دادہ تھے۔ درسِ نظامی کی تکمیل کےبعد 1963ء میں جامعۃ الازہر قاہرہ تشریف لے گئے۔وہاں آپ نے ’’کلیۃ اصول الدین‘‘ میں داخلہ لیااور مسلسل تین سال تک جامعۃ الازہر مصر میں فن تفسیر و حدیث کے ماہر اساتذہ سے اکتسابِ علم کیا۔ جامعہ ازہر مصر میں داخلے کے بعد جب آپ کی جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ سے گفتگو ہوتی تو وہ آپ کی بے تکلف فصیح وبلیغ عربی سن کرمحوِ حیرت ہوجاتے اور کہتے کہ ایک عجمی النسل ہندوستانی عربی النسل اہلِ علم حضرات سے گفتگو کرنے میں کوئی تکلّف محسوس نہیں کرتا۔ حضرت تاج الشریعہ 1966ء /1386ھ کو جامعۃ الازہر سے فارغ ہوئے ۔ جامعۃ الازہر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ’’ جامعۃ الازہر ایوارڈ ‘‘ سے نوازے گئے۔آپ تمام علوم ِقدیمہ اور جدیدہ پر مہارتِ تامہ رکھتے تھے ۔ قراءاتِ عشرہ کےماہر تھے، بالخصوص جب مصری لہجے میں تلاوت فرماتےتو سامعین جھوم جھاتے، حضرت تاج الشریعہ ﷫ کو چھتیس علوم پر مہارت، اور عربی، اردو، فارسی، اور انگلش زبانوں پرمکمل عبور حاصل تھا۔ان کے علاوہ، علاقائی زبانوں میں بھی بات چیت فرمایا کرتےتھے۔

آپ کے اساتذہ میں
قابلِ ذکر اساتذۂ کرام یہ ہیں:

مفتی اعظم مولانا مصطفیٰ رضا خاں، بحر العلوم مفتی سیّد محمد افضل حسین مونگیری، مفسر اعظم ہند مولانا محمد ابراہیم رضا خاں جیلانی، فضیلۃ الشیخ علامہ محمد سماحی، شیخ الحدیث والتفسیر جامعہ ازہر حضرت علامہ محمود عبدالغفار، استاذ الحدیث جامعہ ازہر ، ریحانِ ملّت مولانا محمد ریحان رضا خاں رحمانی میاں،استاذ الاساتذہ مولانا مفتی محمد احمد عرف جہانگیر خاں اعظمی﷭۔(مفتیِ اعظم ہند اور آپ کے خلفاء، ص150)

بیعت و خلافت:
حضور تاج الشریعہ﷫ کو بیعت و خلافت کا شرف سرکارمفتیِ اعظم ﷫سے حاصل ہے۔ حضرت مُفتیِ اعظم ہند﷫نے بچپن میں آپ کو بیعت کاشرف عطا فرمادیا تھا، اور صرف 19؍ سال کی عمر میں 15؍جنوری 1962ء/1381ھ کو تمام سلاسل کی اجازت و خلافت سے نوازا۔ علاوہ ازیں خلیفۂ اعلیٰ حضرت برہانِ ملّت مفتی برہان الحق جبل پوری﷫، سیّد العلماء شاہ آلِ مصطفیٰ برکاتی﷫، احسن العلماء سیّد حیدر حسن میاں برکاتی﷫، والدِ ماجدمفسر اعظم مفتی ابراہیم رضاخاں﷫ سے جمیع سلاسل کی اجازت و خلافت حاصل تھی۔(مفتیِ اعظم ہند اور آپ کے خلفاء، ص160)

حضور تاج الشریعہ﷫ پر بچپن میں آثارِسعادت و ولایت ظاہر تھے۔یہی وجہ ہے کہ مفتی اعظم﷫ کو آپ کے بچپن سے ہی بے انتہاتوقعات وابستہ تھیں، جس کااندازہ آپ کےان ارشادات عالیہ سےلگایا جاسکتاہےجو مختلف مواقع پر آپ نے ارشاد فرمائے:

’’اس لڑکے (حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ) سے بہت امید ہے۔‘‘ (تذکرہ تاج الشریعہ، ص4)
2
سیرت و خصائص:
سراج المفسرین، فخر المحدثین، زبدۃ العارفین، فقیہ الاسلام، تاج الاسلام، نبیرۂ اعلیٰ حضرت، وارثِ علوم ِ مجددِ دین و ملّت، مظہر حجۃ الاسلام، شہزداۂ مفسرِ اعظم، جانشینِ مفتیِ اعظم،قاضی القضاۃ فی الہند، شیخ العربِ والعجم، تاج الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد اختر رضا خاں قادری ازہری محدث بریلوی﷫ اہلِ سنّت وجماعت کے ممتاز ترین صاحبِ علم و بصیرت، اور باقیاتِ صالحین میں سے ایک تھے ۔ آپ حقیقتاً امامِ اہلِ سنّت شیخ الاسلام اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں ﷫ کے خلفِ صادق، جانشینِ کامل، حجۃ الاسلام کے عکسِ جمیل، مفتیِ اعظم ہند اور مفسر اعظم ہند کے علوم و معارف کے وارثِ اکمل تھے۔ ذکاوتِ طبع اور قوتِ اتقان، وسعتِ مطالعہ میں اپنی مثال آپ تھے۔ درس و تدریس، فقہ و افتاء، قراءت و تجوید، منطق و فلسفہ، ریاضی، علم جفر و تکسیر،اور علم ہیئت و توقیت میں یدِ طولیٰ رکھتے تھے۔

مفتی عبدالرحیم بستوی فرماتے ہیں:
’’سب ہی (خاندانی) حضرات ِ گرامی کے کمالات ِ علمی و عملی سے آپ کو گراں قدر حصہ ملاہے۔فہم و ذکا، قوتِ حافظہ و تقویٰ سیّدی اعلیٰ حضرت سے، جودتِ طبع و مہارتِ تامّہ (عربی ادب) حضور حجۃ الاسلام سے، فقہ میں تبحر و اصابت سرکار مفتی اعظم ہند سے،قوتِ خطابت و بیان والدِ ذی وقار مفسر اعظم ہند سے۔یعنی وہ تمام خوبیاں آپ کو وراثتاً حاصل ہیں جن کی رہبرِ شریعت و طریقت کو ضرورت ہوتی ہے ۔ (سوانح تاج الشریعہ)

آپ علیہ الرحمہ کثیر کتب کے مصنّف تھے ۔ فنی موضوعات پر علمی زبان استعمال کرتے، لیکن اس کے باوجود آپ کی تحریرات سے ثقالت و اکتاہٹ پیدا نہیں ہوتی،آپ ہر موضوع پر ادیبانہ اُسلوب اختیار کرنے پر قدرت رکھتے تھے۔آپ کی تحریروں میں سلاست و روانی، ایجاز و اختصار، تشبیہات و استعارات، فصاحت و بلاغت، پائی جاتی ہے؛بالخصوص فقہ و افتاء میں خصوصی مہارت حاصل تھی، فقہی جزئیات ،اور علمی استدلال میں اعلیٰ حضرت امام اہل سنّت کی جھلک پائی جاتی تھی ۔

آپ کے فتاوٰی علم کے خزینے، اور مجتہدانہ بصیرت کے حامل ہیں۔اسی طرح آپ ﷫ کو عربی، فارسی،اردو، ہندی،ادب پر دسترس حاصل تھی۔اعلیٰ حضرت ﷫ کی طرح جس زبان میں سوال کیا جاتا تھا، اسی میں جواب دیتے تھے ۔ آپ ﷫کی تدریسی اور بحیثیت مفتی دارالافتاء منظر اسلام میں اکیاون (51) سالہ خدمات ہیں،جس میں دنیا بھر سے ہزاروں فتاوٰی جات کے جوابات، مختلف موضوعات اور مختلف زبانوں پر علمی تحریرات اس کے علاوہ ہیں۔

یہ سب مفتی اعظم ہند ﷫ کا فیضان تھا، حضرت مفتی اعظم ﷫نے دارالافتاء کی عظیم ذمّے داری آپ کوسونپتے ہوئے ارشاد فرمایاتھا:

’’اختر میاں!
اب گھر میں بیٹھنے کا وقت نہیں، یہ لوگ جن کی بھیڑ لگی ہوئی ہے، کبھی سکون سے نہیں بیٹھنے دیتے، اب تم اس کام کوانجام دو، میں تمھارے سپرد کرتاہوں۔‘‘

پھر لوگوں سے مخاطب ہوکرفرمایا:

’’آپ لوگ اب اخترمیاں سَلَّمَہٗ سےرجوع کریں، انہیں کو میراقائم مقام اور جانشیں جانیں۔‘‘

تاج الشریعہ ﷫نے اس مسند افتاء کاایسا حق اداکیا کہ اعلیٰ حضرت مجددِ اسلام اور مفتی اعظم ہند﷮ کی یاد تازہ ہوگئی، اور دنیامیں ’’تاج الشریعہ‘‘ کےلقب سے ملقب ہوئے، اوریہ لقب ایسا سجا کہ جیسے اعلیٰ حضرت سنتے ہی ذہن فوراً امام احمد رضا خاں ﷫کی طرف منتقل ہوجاتا ہے،اسی طرح ’’تاج الشریعہ‘‘ سے ذہن مفتی اختررضاخاں ﷫ کی طرف منتقل ہوجاتا ہے۔ اللہ جَلَّ شَانُہٗ نے آپ کوذوقِ سخن سے بھی وافر حصّہ عطا فرمایاتھا۔عربی، فارسی، اور اردو تینوں زبانوں میں آپ کی نعتیہ شاعری موجود ہے۔آپ کا مجموعۂ کلام ’’سفینۂ بخشش‘‘ کے نام سے متعدد بار شائع ہوکر اَرباب ِ سخن سے دادِ تحسین حاصل کرچکا ہے۔جہاں آپ کے نثری شہ پارے ادبی حیثیت کے حامل ہیں،وہیں آپ کی شاعری بھی آپ کی قادر الکلامی پر شاہد و عادل ہے۔

اللہ ربّ العزّت نے جانشینِ مفتیِ اعظم رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ ﷫کو جن گوناگوں صفات سے متصف کیا تھا، اُن صفات میں سے ایک حق گوئی اور بے باکی بھی ہے۔ آپ نے کبھی بھی صداقت و حقانیت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ چاہے کتنے ہی مصلحت کے تقاضے کیوں نہ ہوں، چاہے کتنے ہی قیدو بند، مصائب وآلام اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہننا پڑیں کبھی کسی کو خوش کرنے کے لیے اس کی منشا کے مطابق فتویٰ تحریر نہیں فرمایا۔ جب کبھی کوئی فتویٰ تحریر فرمایا تو اپنے اَسلاف، اپنے آبا و اَجداد کے قدم بَہ قدم ہوکرتحریر فرمایا۔ جس طرح جدِّ امجد امام احمد رضا فاضل بریلوی اور مفتی اعظم مولانا مصطفیٰ رضا نوری نے بے خوف و خطر فتاوٰی تحریر فرمائےاُسی طرح اپنے اَجداد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جانشینِ مفتیِ اعظم نظر آتے ہیں۔ اِس حق گوئی کے شواہد آج آپ کے ہزاروں فتاوٰی ہیں جو ملک اور بیرونِ ملک میں پھیلےہوئے ہیں۔

اسی طرح تصلّب فی الدین اور مسلکِ اعلیٰ حضرت، اور تقویٰ میں اپنی مثال آپ تھے۔آپ ﷫پوری دنیا میں تبلیغی دورے فرماتے تھے، لیکن صلح کلیت کے بالکل خلاف تھے۔
2
امّتِ مسلمہ کی زبوں حالی، اور بابری مسجد کی شہادت و پامالی پر لوگوں نے آنسو بہاتے دیکھا، اور اسی طرح مسلمانانِ ہند پر ہنود کے مظالم پر کبھی خاموش نہ رہے، ساری زندگی حق کی آواز بلند فرماتے رہے ۔ ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ۔ اس میں اپنے پرائے کی کبھی پر واہ نہ کی ۔ اس آواز کو منصب و عہدے کا لالچ دےکر خاموش کرنے کی کوشش کی گئی، تو آپ نے اپنے جدِّ امجد کی آواز میں یہ جواب دیا:

؏: میں گدا ہوں اپنے کریم کا مِرا دین پارۂ ناں نہیں

یہ آپ ہی تھے کہ 1995ء میں وزیرِ اعظم ہند 7 گھنٹے بریلی سرکٹ ہاؤس میں آپ کا انتظار کرتا رہا، اور اُس کا سیکرٹری بار بار حضرت کی خدمت میں حاضر ہوتا رہا، لیکن حضرت نے یہ کہہ کر ملاقات سے صاف انکار کر دیا:

’’میں ایسے شخص سے ملاقات نہیں کر سکتا، جس کے ہاتھ بابری مسجد کی شہادت میں ملوث ہیں ۔ ‘‘ (سوانح تاج الشریعہ، ص 72) ـ

اہلِ سنّت وجماعت کی موجودہ صورتِ حال جس میں بالعموم پاک وہند کے سنّی علمائے کرام کا پوری دنیا کے سنّی علما و شیوخ سےکوئی ربط و تعلق نہیں ہے۔ جب کہ بدمذہبوں نے پوری دنیا کے حنفی اور صوفیا کو اپنی عیاری اور چالاکی سے متوجہ کیا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم ممالک کے علما و صوفیا کی نظر میں ہماری کوئی ایسی شخصیت نہیں ہے، جن کا علمی، یا ویسے ہی کسی لحاظ سے ان کے ہاں کوئی تعارف موجود ہو۔یہ حضرت تاج الشریعہ ﷫کی ذاتِ گرامی تھی کہ جن کا عرب اور مسلم دنیا میں ایک خاص مقام تھا ۔

عرب کے جیّد علما و صوفیا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کی نسبت اور آپ کی علمی قابلیت و صلاحیت کی بناء پر قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔عرب دنیاکے سوشل و الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا پرحضرت کےوصال کی خبرایسے ہی شائع ہوئی جس طرح پاک و ہند میں ہوئی ۔

بڑے بڑے شیوخ نے تعزیتی کلمات کے ساتھ لواحقین سے اظہارِ تعزیت فرمایا، جب کہ ایصالِ ثواب کا سلسلہ پوری دنیا میں ہوتا رہا ۔ حضرت تاج الشریعہ نے فیضانِ علوم و معارفِ اعلیٰ حضرت ﷜ کو پوری دنیا میں عام کیا ۔ آپ کے حلقۂ ارادت میں ہر طبقۂ فکر کے لوگ پوری دنیا میں لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔

وصال پر ملال:
7 ذوالقعدہ 1439ھ مطابق 20 جولائی 2018ء، بروز جمعۃ المبارکہ بوقتِ اذانِ مغرب، واصل باللہ ہوئے ۔

تدفین:
حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ ازہری گیسٹ ہاؤس بریلی شریف (ہند) میں ابدی آرام فرما ہیں ۔

قطعۂ تاریخِ وصال:

کلام: ندیم احمد نؔدیم نورانی

جہاں میں بٹ رہا ہے فیضِ اختر
بڑھو لینے کو حصّہ چاہیے گر

امام احمد رضا کے، مفتی اختر
نبیرہ تھے، نسب ہے اُن کا اَطہر

ہے پیارا سا لقب ’’تاج الشریعہ‘‘
یہ جچتا ہے اُنھی کی شخصیت پر

وہ شہ اختر رضا تاج الشریعہ
رہے پاکیزہ طینت زندگی بھر

جو مغرب کی اذاں کی ابتدا میں
مؤذّن نے کہا ’’اَللہُ اَکْبَر‘‘

وہیں ’’اَللہُ اَکْبَر‘‘ کہتے کہتے
ہوئے دنیا سے رخصت مفتی اختر

ضیائے طیبہ غم گین و حزیں ہے
گئے اختر رضا سب کو رُلا کر

ضیائے طیبہ کرتی ہے دعا یہ
رہیں اختر رضا، جنّت کے اندر

’’چلے فردوس کو تاج الشریعہ‘‘ (۱۴۳۹ھ)
نؔدیم! اس سالِ رحلت کو عیاں کر

نؔدیم! اِس دل میں ہیں تاج الشریعہ
جسے ملنا ہو، آئے دل کے اندر

مآخذ و مراجع:
مفتی اعظم اور اُن کے خلفاء ۔ سوانح تاج الشریعہ ۔ تذکرۂ تاج الشریعہ ۔

https://scholars.pk/ur/scholar/taj-o-shariyah-hazrat-allamah-mufti-muahammad-akhtar-raza-khan-barelwi
2