🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹
2.86K subscribers
69.6K photos
227 videos
257 files
8.82K links
یہاں روزانہ اسلامی تاریخ اور بزرگانِ دین و علمائے ربانیین کی تاریخ ولادت و تاریخ وفات اور دینی باتیں (فوٹو،پوسٹ) تاریخ اور مہینے کی مناسبت سے مع کتابوں کی لِنکس بھیجی جاتی ہیں
طالب دعا 🤲
محمد جمال الدین خان قادری رضوی عفی عنہ
🆔 @Muhammad_Jamaluddin_Khan
Download Telegram
*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*
*🌸قسط پنجم(5)-سوال 41 تا 50🌸*
*سوال 41 :*
اگر شوگر کا مریض روزے کی حالت میں انسولین لے تو کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
عموماً شوگر کا مریض انجیکشن کے ذریعے انسولین گوشت میں لیتا ہے، لہذا روزے کی حالت میں انجیکشن کے ذریعے انسولین لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان وغیرہ)*
*سوال 42:*
مسافر کو روزہ چھوڑنے کی اجازت کب ہوتی ہے ؟
*جواب:*
جو مسافر بانوے (92) کلومیڑ یا اس سے زیادہ سفر کے مُتَّصِلْ ارادے سے صبحِ صادِق (یعنی وقتِ سحری ختم ہونے) سے پہلے اپنے شہر یا گاؤں کی آبادی سے باہر نکل گیا ہو تو وہ روزہ چھوڑ سکتا ہے اور بعد میں اس روزے کی قضا رکھے گا اور اگر صبحِ صادق کے طلوع ہونے کے بعد (یعنی سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد) مثلاً دن 8 بجے سفر کیلئے نکلنا ہو تو اس دن کا روزہ نہیں چھوڑ سکتا، اگر چھوڑے گا تو گناہگار ہوگا.
*نوٹ:*
جس صورت میں مسافر کو روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے، اس صورت میں اگر خود مسافر کو یا اس کے ساتھیوں کو اس کے روزہ رکھنے میں نقصان نہ پہنچے تو اس مسافر کے لئے روزہ رکھنا بہتر ہے اور اگر اس کو یا اس کے ساتھیوں کو نقصان پہنچے تو روزہ نہ رکھنا بہتر ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 462، 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الخامس في الاعذار التی تبیح الإفطار، جلد 1، صفحہ 206، 207، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1002، 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 43:*
مریض کو کب روزہ چھوڑنے کی اجازت ہے ؟
*جواب :*
مریض کو روزہ رکھنے سے بیماری کے بڑھ جانے یا دیر سے تندرست ہونے کا ظنِ غالب ہو (یعنی غالب گمان ہو جو کہ 50 فیصد سے زائد ہوتا ہے) تو اس کو اجازت ہے کہ روزہ نہ رکھے اور بعد میں اس روزے کی قضا رکھے.
*نوٹ:* یہی حکم اس تندرست آدمی کا بھی ہے جس کو روزہ رکھنے کی وجہ سے بیمار پڑجانے کا ظنِ غالب ہو.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، 464، 465، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 44:*
مریض کو ظنِ غالب کتنی چیزوں سے حاصل ہوگا ؟
*جواب:*
مریض کو ظنِ غالب تین چیزوں میں سے کسی ایک چیز سے حاصل ہوگا، وہ تین چیزیں درج ذیل ہیں :
1- ظاہری نشانی سے
2- اپنے ذاتی تجربہ سے
3- ماہر و تجربہ کار ڈاکٹر سے۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 464، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، 1004، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*نوٹ :*
فتاوی شامی اور بہار شریعت وغیرہ میں اگرچہ ماہر ڈاکٹر کے ساتھ مسلمان اور غیرفاسق کی قید ہے لیکن فی زمانہ اس قید کی پابندی مشکل ہے، اس لیے اس میں علماے کرام نے نرمی اختیار کی ہے تو ہم نے بھی یہاں اس قید کو ذکر نہیں کیا، جس کی وضاحت اگلے سوال نمبر 45 کے جواب میں موجود ہے۔
*سوال 45:*
کیا مریض کافر یا فاسق ڈاکٹر کے کہنے سے روزہ چھوڑ سکتا ہے ؟
*جواب:*
چونکہ فی زمانہ مسلمان غیرِ فاسق ماہر ڈاکٹر کا ملنا بہت ہی مشکل ہے، لہٰذا قابلِ اعتماد ماہر ڈاکٹر کافر ہو یا فاسق، اگر وہ روزہ نہ رکھنے کا کہے اور مریض کا دل بھی اچھی طرح مطمئن ہو کہ ڈاکٹر درست کہہ رہا ہے تو مریض ایسے کافر یا فاسق ماہر ڈاکٹر کے کہنے پر روزہ چھوڑ سکتا ہے، البتہ بہتر یہی ہے کہ ایک سے زائد ڈاکٹرز سے مشورہ کرلے.
*(فیضان رمضان مرمم، صفحہ 146، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 46:*
حاملہ عورت کے لیے روزے رکھنے کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
حاملہ عورت کو اگر اپنی جان یا بچے کی جان جانے کا صحیح اندیشہ ہو تو اس کو اجازت ہے کہ روزے نہ رکھے اور بعد میں ان روزوں کی قضا رکھے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 47:*
دودھ پلانے والی عورت کے لیے روزے رکھنے کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
دودھ پلانے والی عورت کو اگر اپنی جان یا بچے کی جان جانے کا صحیح اندیشہ ہو تو اس کو اجازت ہے کہ روزے نہ رکھے اور بعد میں ان روزوں کی قضا رکھے، خواہ اپنے بچے کو دودھ پلا رہی ہو یا کسی اور کے بچے کو اجرت پر دودھ پلا رہی ہو .
1👍1
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، فصل فی العوارض، جلد 3، صفحہ 463، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1003، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال48:*
کیا بے ہوشی سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
*جواب:*
بے ہوشی سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے خود بخود بے ہوش ہو جائے یا اس کو انجیکشن کے ذریعے بےہوش کیا جائے البتہ اگر ناک میں گیس سونگھانے یا منہ کے راستے سے گیس داخل کرکے بے ہوش کیا جائے تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضا لازم ہوگی .
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال49:*
روزے کی حالت میں انڈو سکوپی (Endoscopy) کا کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں اندوسکوپی کروانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس میں ایک پائپ پر زایلوکین (Xylocien) وغیرہ لکوڈ (مائع) لگا کر منہ کے راستے سے اس کو معدے میں داخل کیا جاتا ہے، لہٰذا اس وجہ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 50:*
روزے کی حالت میں مرد کی پیشاب کی نالی میں کیتھیڑ (علاج کا آلہ) داخل کرنے کا کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
روزے کی حالت میں مرد کی پیشاب کی نالی میں کیتھیڑ داخل کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ پیشاب کی نالی کے ذریعے جو دوا اندر داخل ہوتی ہے، وہ زیادہ سے زیادہ مثانہ تک پہنچے گی اور مثانے اور معدے کے درمیان کوئی منفذ (یعنی واضح سوراخ) نہیں ہے.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی*
09/05/2018
03068209672
1👍1
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1👍1
*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل 🌹*
*🌸قسط ششم(6)-سوال 51 تا 60🌸*
*سوال 51:*
روزے کی حالت میں دانتوں کے مریض کیلئے آر سی ٹی کروانا یا دانت اکھڑوانا یا دانتوں کی کوئی اور اصلاح کروانا کیسا ہے ؟
*جواب :*
دانتوں کے مریض کو چاہیے کہ وہ رات ہی میں آر سی ٹی کروائے یا دانت اکھڑوائے یا دانتوں کی کوئی اور اصلاح کروائے اور اگر روزے کی حالت میں ایسا کروایا اور روزہ یاد رہنے کے باوجود خون یا دوا کا کوئی حصہ حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں قضا لازم ہوگی اور اگر حلق سے نیچے کچھ نہ اترا تو روزہ نہ ٹوٹا لیکن روزے کی حالت میں یہ سب کروانا مکروہ ہے کیونکہ اس میں روزہ ٹوٹنے کا اندیشہ ہوتا ہے.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال52:*
اگر مؤذن کی اذان پر روزہ افطار کرلیا اور افطاری کا وقت نہیں ہوا تھا تو کیا حکم ہے؟
*جواب:*
اگر مؤذن کی اذان پر روزہ افطار کرلیا اور افطاری کا وقت نہیں ہوا تھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس روزے کی قضا کرنی ہوگی لیکن کفارہ لازم نہیں ہوگا اور نہ ہی گناہگار ہوگا.
*(ماخوذ از الجوھرۃالنیرۃ شرح مختصر القدوری، جلد 1، صفحہ 349، مکتبہ رحمانیہ، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 439، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 53:*
روزے کی حالت میں ہیمو ڈائلے سِس کروانا کیسا ہے؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں ہیمو ڈالے سِس کروانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اس طریقہ کار میں خون سے فاسد مادوں، اضافی نمک اور زائد پانی کو مشین کے ذریعے باہر نکال لیا جاتا ہے پھر مادوں اور کیمیاوی و غذائی مواد کے اضافے کے ساتھ رگوں کے ذریعے خون کو جسم میں دوبارہ چڑھا دیا جاتا ہے، کیونکہ یہ سب چیزیں مساموں کے ذریعے بدن میں جاتی ہیں، لہٰذا اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 54:*
روزے کی حالت میں پیری ٹونیل ڈائلے سِس کروانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں پیری ٹونیل ڈائلے سس کروانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس طریقہ کار میں مریض کے پیٹ میں موٹی تہہ تک سوراخ کرکے اندر معدے سے متصل بیرونی جھلی تک ایک پائپ ڈالا جاتا ہے اور پھر اس کے ذریعے ایک خاص قسم کا پانی اور پیری ٹونیل فلوڈ پیٹ کی جھلی میں ڈالا اور پھر باہر نکالا جاتا ہے، لہذا اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضا لازم ہوگی.
*(ماہنامہ اشرفیہ، جنوری 2016)*
*سوال 55:*
اگر غلطی سے روزہ ٹوٹ گیا تو کیا بقیہ دن بھر کھا پی سکتے ہیں یا روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا ہوگا ؟
*جواب:*
اگر غلطی سے روزہ ٹوٹ گیا مثلاً روزہ یاد ہوتے ہوئے کلی کی اور پانی حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس کی قضا کرنی ہوگی اور باقی دن روزہ دار کی طرف بھوکا پیاسا رہنا اس پر واجب ہوگا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 440، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 990، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 56:*
اگر روزے کی حالت میں بار بار منہ خشک ہو جائے تو کیا ٹھنڈے پانی سے کلیاں کرسکتے ہیں؟ *جواب:*
اگر روزے کی حالت میں بار بار منہ خشک ہو جائے تو ٹھنڈے پانی کی کلیاں کرنا بغیر کسی کراہت کے جائز ہے، اور اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، جبکہ پریشانی ظاہر کرنے کے لیے ایسا نہ کیا جائے اور اگر پریشانی ظاہر کرنے کے لیے کوئی بار بار کلیاں کرے تو یہ مکروہ و ناپسندیدہ ہے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الثالث، فیما یکرہ للصائم و ما لا یکرہ، جلد 1، صفحہ 199، دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لا یفسدہ، مطلب في حدیث التوسعۃ۔۔۔الخ، جلد 3، صفحہ 459، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 998، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 57:*
روزے کی حالت میں ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے بار بار نہانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں ٹھنڈک حاصل کرنے کیلئے بار بار نہانا بالکل جائز ہے اور اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور نہ ہی روزہ ٹوٹتا ہے البتہ اگر پریشانی ظاہر کرنے کے لیے ایسا کیا جائے تو یہ مکروہ و ناپسندیدہ ہے.
چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں پیاس کی وجہ سے یا گرمی کی وجہ سے سر پر پانی ڈالتے تھے.
*(سنن ابوداود، کتاب الصوم، فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الثالث، فیما یکرہ للصائم و ما لا یکرہ، جلد 1، صفحہ 199، دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدرالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، مطلب في حدیث التوسعۃ۔۔۔الخ، جلد 3، صفحہ 459، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 998، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
1👍1
*سوال58:*
کیا روزہ نمازِ تراویح کے لئے شرط ہے ؟
*جواب:*
روزہ الگ عبادت ہے اور نماز تراویح الگ عبادت ہے، ہر عاقل بالغ مقیم (یعنی غیر مسافر) مسلمان پر روزہ فرض ہے اور نمازِ تراویح سنتِ مؤکدہ ہے، تو اگر کوئی بلا عذر روزہ نہ رکھے گا تو روزہ چھوڑنے کی وجہ سے گناہگار ہو گا لیکن تراویح پڑھنے سے تراویح ہو جائے گی اور اگر روزہ رکھے اور تراویح نہ پڑھے تو روزہ ہو جائے گا لیکن بلا عذر مسلسل تراویح نہ پڑھنے کی وجہ سے گناہگار ہوگا، لہٰذا روزہ اور نمازِ تراویح ایک دوسرے کے لئے شرط نہیں ہیں.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرمختار، جلد 2، صفحہ 596، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 688، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 59:*
روزہ رکھنے کی نیت کیسے کریں گے؟
*جواب:*
نیت دل کے پختہ ارادے کا نام ہے، زبان سے نیت کرنا شرط نہیں، مگر زبان سے نیت کرنا مستحب ضرور ہے لہذا جب رات میں روزے کی نیت کریں تو یوں کہیں :
*"نَوَیْتُ اَنْ اَصُوْمَ غَدًا لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرْضِ رَمَضَانَ "*
(یعنی میں نے نیت کی کہ میں کل رمضان کا فرض روزہ اللہ تعالٰی کے لئے رکھوں گا).
اور اگر دن میں روزے کی نیت کریں تو یوں کہیں:
*"نَوَیْتُ اَنْ اَصُوْمَ ھٰذَا الْیَوْمَ لِلّٰہِ تَعَالیٰ مِنْ فَرْضِ رَمَضَانَ "*
(یعنی میں نے نیت کی کہ میں آج کے دن رمضان کا فرض روزہ رکھوں گا).
*(الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر القدوری، جلد 1، صفحہ 329، مکتبہ رحمانیہ لاہور)*
*نوٹ:*
اپنی مادری زبان میں بھی نیت کر سکتے ہیں، نیت چاہیے کسی بھی زبان میں کریں، نیت کرتے وقت دل میں ارادہ موجود ہونا شرط ہے، ورنہ بےخیالی میں صرف زبان سے رَٹے رَٹائے نیت کے جملے ادا کرلینے سے روزے کی نیت نہ ہوگی۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، جلد 3، صفحہ 398، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 102، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 60:*
کس چیز سے افطار کرنا سنت ہے نیز افطار کی دعا کونسی ہے اور کب پڑھنی چاہیے ؟
*جواب:*
تر کھجور یا خشک کھجور (چھوہارے) یا پانی کے ساتھ افطار کرنا سنت ہے.
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 628، 629، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
افطار کرلینے کے بعد سنت پر عمل کرنے کی نیت سے یہ دعا پڑھ لینی چاہیے :
*"اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَ عَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ"*
یعنی اے اللہ پاک! میں نے تیرے لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی عطا کردہ رزق سے روزہ افطار کیا۔
*(سنن ابو داؤد، جلد 2، صفحہ 447، رقم الحدیث : 2358، دار احیاء التراث العربی بیروت، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 114، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
ایک حدیث پاک میں اس طرح کے الفاظ آئے ہیں :
*"اَللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَیْکَ تَوَکَّلْتُ وَ عَلٰی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ"*
*(بغیۃ الباحث عن زوائد مسند الحارث، جلد 1، صفحہ 527، رقم الحدیث : 469، مطبوعہ المدینہ المنورۃ)*
*نوٹ:* چونکہ افطار کا وقت دعاؤں کی مقبولیت کا وقت ہوتا ہے لہذا ان دعاؤں کے بعد دیگر دعائیں بھی کرنی چاہیں.
*(فیضان رمضان مرمم، صفحہ 114، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*فائدہ:* افطار سے پہلے دعا کرنا سنت نہیں ہے، لہٰذا افطار کرنے کے بعد مثلاً کھجور کھا لینے یا تھوڑا سا پانی پی لینے کے بعد ہی دعا کیجیے.
*(فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ631، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی*
27/04/2020
03068209672
1👍1
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1👍1
https://youtu.be/VQuzNqJW4H8
*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*
*🌺قسط ہفتم(7) سوال 61تا 70🌺*
*سوال 61:*
کیا کنٹیکٹ لینز لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
کنٹیکٹ لینز لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ ان کو لیکوڈ (تری) میں رکھا جاتا ہے اور جب آنکھوں میں لگایا جاتا ہے تو وہ لیکوڈ آنکھوں کے منفذ (سوراخ) کے ذریعے حلق سے نیچے اتر جاتا ہے .
*(ماخوذ از تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 192، ضیاء القرآن پبلی کیشنز، فتاوی خانیہ، فتاوی بزازیہ، فتاوی رضویہ)*
*سوال 62:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا لپ اسٹک (lipstick) 💄 یعنی سرخی لگانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں عورتیں لپ اسٹک لگا سکتی ہیں، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ جن عورتوں کو ہونٹوں پر زبان پھیرنے کی عادت ہو تو وہ روزے کی حالت میں لپسٹک لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح کرنے سے اگر لپسٹک کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(تفہیم المسائل، جلد 2، صفحہ 191، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 63:*
اگر روزے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے تھوک سے ہونٹ تر ہوجائیں اور روزہ دار اس کو نگل لے تو روزے کا کیا حکم ہوگا؟
*جواب:*
اگر روزے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ہونٹ تھوک سے تر ہوجائیں تو اس کو نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اگرچہ روزہ یاد ہو مگر بہتر یہی ہے کہ اس کو نہ نگلا جائے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و مالا یفسد، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 428، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 64:*
اگر روزے کی حالت میں کسی کو کھٹی ڈکار آئے (جس کو سرائیکی میں غَڑُچِّیْ کہتے ہیں) اور اس کی وجہ سے حلق کے اندر کرواہٹ اور پانی محسوس ہو اور پھر وہ پانی وغیرہ حلق سے نیچے اتر جائے تو اس صورت میں روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب :*
کھٹی ڈکار (یعنی غَڑُچِّیْ) آنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا اگرچہ ڈکار آنے سے پانی حلق تک آجائے اور واپس بھی لوٹ جائے جیسا کہ روزے کی حالت میں منہ بھر سے کم قے آنے اور واپس چلی جانے کی صورت میں روزہ نہیں ٹوٹتا۔
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدرالمختار، جلد 3، صفحہ 450، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاویٰ رضویہ، جلد 10، صفحہ 486، رضا فاؤنڈیشن لاہور، بہارِشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 65 :*
اگر کوئی شخص روزہ کی حالت میں بیوی سے صحبت کرکے کہے کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو آیا اس پر کفارہ بھی ہوگا ؟
*جواب :*
پوچھی گئی صورت میں درج ذیل شرائط پائی جائیں تو کفارہ لازم ہوجائے گا :
1- وہ شخص عاقل ہو۔
2- بالغ ہو۔
3- مقیم ہو (شرعی مسافر نہ ہو۔)
4- رمضان المبارک کا روزہ ہو۔
5- ادائے رمضان کی نیت سے روزہ رکھا ہو۔
6- روزے کی نیت رات میں کی ہو۔
7- جماع کے ساتھ روزہ توڑنے کے بعد بغیر اختیار ایسا امر نہ پایا جائے جس کی بنا پر روزہ توڑنے کی اجازت ہو جیسے روزہ توڑنے کے بعد ایسا بیمار ہوا جس سے روزہ توڑنا جائز ہو جائے تو پھر کفارہ لازم نہیں ہوگا۔
8- کسی صحیح مجبوری کے بغیر جان بوجھ کر جماع کیا ہو۔
9- روزہ یاد ہو.
*نوٹ :* اس کی بیوی کے لئے بھی مذکورہ نو (9) شرائط پائے جانے پر یہی حکم ہوگا اور مزید ایک شرط یہ بھی پائی جائے کہ :
10- جماع کے بعد روزے کے منافی کوئی امر نہ پایا جائے جیسے حیض و نفاس کا شروع ہو جانا تو اگر جماع کے بعد حیض و نفاس شروع ہو گیا تو کفارہ لازم نہیں ہوگا.
*(بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 991، 992، مکتبۃ المدینہ کراچی، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 154، 156، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 66:*
کیا عورت روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلا سکتی ہے ؟
*جواب :*
عورت روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلا سکتی ہے، اِس سے اُس کے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا.
*(ماخوذ از مسند ابو یعلیٰ، مسند عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا، جلد 8، صفحہ 75، دار المامون للتراث دمشق، تفہیم المسائل، جلد 6، صفحہ 204، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 67:*
رمضان المبارک میں اعلانیہ کھانا پینا کیسا ہے؟
*جواب :*
جو لوگ شرعی عذر کے بغیر رمضان المبارک کے دنوں میں روزے نہیں رکھتے اور علانیہ کھاتے پیتے ہیں تو حکومتِ اسلامیہ پر فرض ہے کہ وہ انہیں قتل کر دے یا عمر قید کی سزا دیدے، اور جہاں اسلامی حکومت نہ ہو تو وہاں کے مسلمان ایسے لوگوں سے معاشرتی بائیکاٹ کریں.
*(فتاوی یورپ، صفحہ 320، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 68:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا میک اَپْ کرنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں عورتوں کا میک اپ کرنا جائز ہے بشرطیکہ غیر محرم مردوں کے سامنے بےپردگی اور نمائش مقصود نہ ہو.
1👍1
*(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 190، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 69:*
اگر روزے کی حالت میں کسی کے زخم سے پیپ نکلتی رہتی ہو تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں کسی کے زخم سے پیپ نکلتی رہتی ہو تو اِس سے اُس کے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ ہی اس کا روزہ ٹوٹے گا.
*(ماخوذ از مسندِ ابو یعلیٰ، مسند عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا، جلد 8، صفحہ 75، دار المامون للتراث دمشق)*
*سوال 70:*
شوال المکرم کے چھ روزے رکھنے کے بارے میں کیا حکم ہے ؟
*جواب :*
شوال المکرم کے چھ روزے رکھنا سنت ہے، چاہے یکم شوال کے بعد مسلسل چھ دن رکھے جائیں یا بیچ میں چھوڑ چھوڑ کر رکھے جائیں، مگر بہتر یہی ہے کہ یہ روزے لگاتار رکھنے کے بجائے جدا جدا کر کے رکھے جائیں.
*(بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 1010، مکتبۃ المدینہ کراچی، سنی بہشتی زیور، صفحہ 347)*
چنانچہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے ارشاد فرمایا :
"جس نے رمضان کے روزے رکھے پھر اس کے بعد چھ دن شوال میں رکھے تو ایسا ہے جیسے عمر بھر کیلیے روزہ رکھا."
*(صحیح مسلم، کتاب الصیام، باب استحباب صوم ستۃ ایام من شوال اتباعا لرمضان، صفحہ 592، رقم الحدیث : 1164، دار ابن حزم بیروت)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی رئیس مرکزی دارالافتاء اہلسنّت عیسیٰ خیل ضلع میانوالی*
27/04/2020
03068209672
👍21
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
👍21
https://youtu.be/g8SnCCnaor0

*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*
*🌺قسط ہشتم (8) سوال 71 تا80🌺*
*سوال 71:*
سحری کے وقت مسلمانوں کو سحری کے واسطے اٹھانے کے لیے ڈھول بجانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
سحری کے وقت مسلمانوں کو سحری کے واسطے اٹھانے کے لئے ڈھول بجانا ناجائز و گناہ ہے.
*(حبیب الفتاویٰ، جلد 2، صفحہ 57، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 72:*
روزے کی حالت میں عورتوں کیلیے دَنْدَاسَہ (مِسِّیْ) استعمال کرنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
اگر دنداسے کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا اور حلق میں اس کا مزہ محسوس ہوا اور روزہ دار ہونا بھی یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اس صورت میں صرف قضا واجب ہوگی، کفارہ نہیں اور اگر کامل احتیاط کی کہ دنداسے کا کوئی جز حلق سے نیچے نہ اترا تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر ذائقہ دار ہونے کی وجہ سے بلاضرورتِ صحیحہ روزے کی حالت میں دنداسہ استعمال کرنا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے اس لئے حتی الامکان روزے کی حالت میں دنداسہ استعمال کرنے سے بچنا چاہیے.
*(ماخوذ از فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 73:*
کیا رمضان المبارک کی راتوں میں ہمبستری کرنا جائز ہے ؟
*جواب :*
رمضان المبارک کی راتوں میں ہمبستری کرنا جائز ہے.
*(پارہ 2، سورۃ البقرہ : 187)*
*سوال 74 :*
کیا بھول کر کھانے، پینے اور ہمبستری کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
بھول کر کھانے، پینے اور ہمبستری کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(صحیح مسلم، کتاب الصیام، باب اکل الناسی و شربہ و جماعہ لایفطر، صفحہ 582، رقم الحدیث : 1155، دار المغنی عرب شریف)*
*سوال 75:*
دوا کے ذریعے حیض و نفاس کو بند کرکے روزہ رکھنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
اگر حیض و نفاس کو بند کرنے کے لیے دوا کھائی اور طلوعِ صبحِ صادق (یعنی سحری کا وقت ختم ہونے) سے پہلے حیض و نفاس کا خون رک گیا اور روزہ رکھنے کی طاقت بھی ہوئی تو روزہ رکھنا لازم ہو جائے گا اور اس صورت میں روزہ نہ رکھنے پر گناہگار ہوگی مگر چونکہ حیض و نفاس کو دوا کے ذریعے روکنا طِبی (یعنی میڈیکل کے) حوالے سے نقصان دہ ہے، لہٰذا اِس سے بچنا چاہیے.
*(روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 52، ناشر طوبیٰ ویلفیئر انٹرنیشنل)*
*سوال 76:*
سائرن کی آواز پر روزہ بند کرنا اور افطار کرنا (کھولنا) کیسا ہے ؟
*جواب:*
اگر اہل سنت و جماعت کی جانب سے جاری کردہ معتبر نقشہ اوقات (جیسا کہ دعوتِ اسلامی کی مجلسِ توقیت کے ترتیب شدہ نقشہ اوقات ہیں، ان) کے مطابق سائرن بجایا جائے تو اس کی آواز پر روزہ بند کرنا اور افطار کرنا جائز ہے.
*(ماخوذ از بہار شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 999، مکتبۃ المدینہ کراچی، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 55، ناشر طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 77:*
اگر ایئر فریشر کے ذریعے مسجد یا کمرے میں چھڑکاؤ کیا گیا ہو تو کیا اس کو سونگھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
اگر ایئر فریشر کے ذریعے مسجد یا کمرے میں چھڑکاؤ کیا گیا ہو تو اس کو سونگھنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر ایئر فریشر کو ناک پر چھڑک کر سونگھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لا یفسدہ، مطلب یکرہ السھر اذا خاف فوت الصبح، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 19، 30، ناشر طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 78:*
اگر کوئی سعودی عرب میں رمضان المبارک کے روزے پورے کر کے عید کا چاند دیکھ کر پاکستان آئے اور پاکستان میں ایک روزہ باقی ہو تو کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر کوئی سعودی عرب میں رمضان المبارک کے روزے پورے کرکے عید کا چاند دیکھ کر پاکستان آئے اور پاکستان میں ایک روزہ باقی ہو تو وہ پاکستانیوں کے ساتھ ایک روزہ مزید رکھے گا.
*(ماخوذ از پارہ 2، سورۃ البقرۃ : 185، جامع ترمذی، ابواب الصوم، باب ماجاء ان الصوم یوم یصومون، صفحہ 178، رقم الحدیث : 697، سنن ابی داؤد، جلد 1، صفحہ 318، فتح القدیر، جلد 2، صفحہ 249، فتاوی یورپ، صفحہ 314، 315، 316، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 79:*
روزے کی حالت میں مہندی لگانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں مہندی لگانا جائز ہے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 80:*
روزے کی حالت میں شیو (shave) کروانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں شیو کروانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا مگر شیو کروانا روزے کے علاوہ بھی ناجائز و گناہ اور منع ہے اور روزے کی حالت میں تو اور زیادہ گناہ اور منع ہے اور اس سے روزے کی روحانیت و نورانیت پر بھی اثر پڑے گا.
*(ماخوذ از بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 996، مکتبۃ المدینہ کراچی، دارالافتاء اہلسنت، ریفرینس نمبر 2541)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی رئیس مرکزی دارالافتاء اہلسنّت عیسیٰ خیل ضلع میانوالی*
29/04/2030
03068209672
👍21
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1👍1
https://youtu.be/mWVvz7ab38I

*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*
*🌺قسط نہم (9)- سوال81 تا 90🌺*
*سوال 81:*
اگر روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے فون پر بات کرنے کی وجہ سے مذی خارج ہو جائے
تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے فون پر بات کرنے کی وجہ سے صرف مذی خارج ہو اور منی خارج نہ ہو تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ اس سے وضو ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 982، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 82:*
روزے کی حالت میں ناخن تراشنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں ناخن تراشنا بالکل جائز ہے، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا.
*(فتاوی بریلی، صفحہ 358، شبیر برادرز لاہور)*
*سوال 83:*
اگر کسی روزے دار کو بھول کر کھاتے پیتے دیکھیں تو کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
اگر کسی روزہ دار کو بھول کر کھاتے پیتے دیکھیں تو اس کو روزہ یاد دلانا واجب ہے، اگر یاد نہیں دلائیں گے تو گناہگار ہوں گے، البتہ اگر روزہ دار بہت ہی کمزور ہو کہ یاد دلانے پر وہ کھانا پینا چھوڑ دے گا، جس کی وجہ سے اتنی کمزوری بڑھ جائے گی کہ اس کے لیے روزہ رکھنا ہی مشکل ہو جائے گا اور اگر کھا پی لے گا تو روزہ اچھی طرح پورا کر لے گا تو یاد نہ دلانا بہتر ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارشریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 981، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 84:*
اگر رمضان المبارک کے چند روزے قضا ہو جائیں تو ان کو رکھتے وقت ان کی نیت کیسے کی جائے گی ؟
*جواب:*
اگر ایک رمضان المبارک کے چند روزے قضا ہو جائیں تو یوں نیت کریں گے :
"اس رَمَضان کے پہلے روزے کی قضا، اس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا۔"
اور اگر دو (2) رمضان المبارک کے کچھ روزے باقی ہوں تو یوں نیت کریں گے :
"اِس رمضان کے پہلے روزے کی قضا، اِس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا، اُس رمضان کے پہلے روزے کی قضا، اُس رمضان کے دوسرے روزے کی قضا۔"
اور اگر دن اور سال کو خاص (یعنی Fix) نہ بھی کیا، تب بھی روزے ہو جائیں گے.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 196، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 85:*
کون کون سے دنوں میں روزہ رکھنا مکروہِ تحریمی اور ناجائز و گناہ ہے ؟
*جواب :*
پورے سال میں پانچ دن ایسے ہیں، جن میں روزے رکھنا مکروہِ تحریمی اور ناجائز و گناہ ہے جبکہ باقی تمام دنوں میں روزے رکھنا جائز ہیں۔
وہ پانچ دن یہ ہیں :
1- عیدالفطر (یعنی یکم شوال المکرم) کا روزہ۔
2- 10ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
3- 11ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
4- 12ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
5- 13ذوالحجۃ الحرام کا روزہ۔
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الاول، جلد 1، صفحہ 194، مطبوعہ دارالفکر بیروت)*
*سوال 86:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت پاخانے کا مقام باہر نکل پڑے تو کیا حکم ہے؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت پاخانے کا مقام باہر نکل پڑے تو حکم یہ ہے کہ اٹھنے سے پہلے کپڑے وغیرہ سے خوب پونچھ لے تاکہ پانی کی تری باقی نہ رہے، اور اگر پاخانے کے مقام پر کچھ پانی باقی تھا، وہ بغیر پونچھے کھڑا ہو گیا اور پانی اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 87:*
اگر روزے کی حالت میں کسی عورت کی بچہ دانی (رحم) باہر آ جائے تو کیا حکم ہے ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں استنجا کرتے وقت عورت کی بچہ دانی باہر آجائے تو حکم یہ ہے کہ اٹھنے سے پہلے کپڑے وغیرہ سے خوب پونچھ لے تاکہ پانی کی تری باقی نہ رہے، اور اگر بچہ دانی پر کچھ پانی باقی تھا اور وہ بغیر پونچھے کھڑی ہو گئی اور پانی اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فیما یفسد و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 203، مطبوعہ دارالفکر بیروت، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 988، مکتبۃ المدینہ کراچی، روزے کے جدید فقہی مسائل، صفحہ 49، طوبیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل)*
*سوال 88:*
اگر روزے کی حالت میں گندے اور فحش مناظر دیکھنے کی وجہ سے انزال ہوگیا (یعنی منی خارج ہو گئی) تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں گندے اور فحش مناظر دیکھنے کی وجہ سے شہوت کے ساتھ انزال ہوگیا اور اس کا کوئی فعل نہ پایا گیا یعنی ہاتھ وغیرہ کے استعمال کے بغیر شہوت کے ساتھ منی خارج ہو گئی تو روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر اس سے روزے کی نورانیت چلی جائے گی اور وہ سخت گناہگار بھی ہوگا اور اس پر غسل بھی فرض ہو جائے گا.
1👍1
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، الجوھرۃ النیرۃ شرح مختصر قدوری، جلد 1، صفحہ 335، مکتبہ رحمانیہ)*
*سوال 89:*
سحری کے وقت کھانے کے جو ذرات دانتوں میں پھنسے ہوئے ہوں، اگر کوئی روزے کی حالت میں ان کو نگل لے تو کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
سحری کے وقت دانتوں میں کھانے کے جو ذرات پھنسے ہوئے ہوں، اگر کوئی ان کو روزے کی حالت میں روزہ یاد ہونے کے باوجود نگل لے تو اگر وہ چنے کے برابر ہوں یا چنے کی مقدار سے زیادہ ہوں تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں قضا لازم ہو جائے گی اور اگر وہ چنے کی مقدار سے کم ہوں تو ان کو نگلنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 422، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ:*
چَنوں کا سائز چونکہ مختلف ہوتا ہے تو اس مسئلہ میں نہ چھوٹے چنے کا اعتبار ہوگا اور نہ بہت بڑے چنے کا بلکہ درمیانے چنے کا اعتبار ہوگا.
*سوال 90:*
اگر کھارے پانی سے وضو کرنا ہو تو روزے کی حالت میں اس پانی سے کلی کرنا کیسا ہے ؟
*جواب:*
اگر کھارے پانی سے وضو کرنا ہو (جیسے سمندر کا پانی یا جیسے بعض علاقوں میں بہت کھاری پانی ہوتا ہے) تو روزے کی حالت میں اس پانی سے کلی کی جا سکتی ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ وضو میں کلی کرنا سنتِ مؤکدہ ہے۔
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الطھارۃ، جلد 1، صفحہ 251، 252، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
جبکہ کھارے پانی سے کلی کرنا روزے کی حالت میں بلا ضرورتِ صحیحہ چکھنے کے ضمن میں زیادہ سے زیادہ مکروہِ تنزیہی (شرعاً ناپسندیدہ) ہو سکتا ہے اور جب ضروتِ صحیحہ ہو (جیسے منہ میں بدبو ہونا) تو مکروہِ تنزیہی بھی نہیں رہے گا تو وہ کام (یعنی کھارے پانی سے کلی کرنا) جس میں مکروہِ تنزیہی ہونے اور نہ ہونے دونوں کا احتمال موجود ہے، اس کی وجہ سے کلی کرنے کو (جو سنتِ مؤکدہ ہے) نہیں چھوڑا جاسکتا کیونکہ سنتِ مؤکدہ کو عادتاً چھوڑنا گناہ ہے جبکہ مکروہِ تنزیہی کو عادتاً کرنا گناہ نہیں، یہی وجہ ہے کہ زمانہ نبوت سے ہی چند کنوؤں کے سوا پانی کھارا ہوتا تھا خصوصاََ مدینہ منورہ کا، لیکن کبھی بھی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یا کسی صحابی، تابعی یا فقیہ مجتہد (رضی اللہ عنھم) نے روزے کی حالت میں کھارے پانی کے ساتھ کلی کرنے سے منع نہیں فرمایا، لہذا کھارے پانی کے ساتھ کلی کرنا بلاکراہت جائز بلکہ سنتِ مؤکدہ ہے۔
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی رئیس مرکزی دارالافتاء اہلسنّت عیسیٰ خیل ضلع میانوالی*
30/04/2020
03068209672
1👍1
Forwarded from 🌹 اسلامی معلومات عامہ 🌹 (محمد جمال الدين خان قادری)
This media is not supported in your browser
VIEW IN TELEGRAM
1👍1
https://youtu.be/eNkepz4O1Ew
*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل🌹*
*🌺قسط دہم (10)- سوال 91 تا 100🌺*
*سوال 91:*
چونکہ جدید طبی ریسرچ (تحقیق) کے مطابق آنکھ اور حلق کے درمیان منفذ (یعنی واضح سوارخ) ہوتا ہے تو اگر وضو اور غسل کے دوران آنکھ میں پانی چلا جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
*جواب:*
وضو یا غسل کے دوران آنکھ میں پانی چلے جانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ اس سے بچنا ممکن نہیں ہے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 420، 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 92:*
کیا حمل والی عورت کے اِنْٹَرْنَلْ (اندرونی) الٹراساؤنڈ کروانے سے اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
بچے کی پیدائشی معلومات حاصل کرنے کیلئے حاملہ عورت جو شرمگاہ کے ذریعے اِنْٹَرْنَل (اندرونی) الٹراساؤنڈ کرواتی ہے تو جن آلات کے ذریعے انٹرنل الٹراساؤنڈ کیا جاتا ہے، اگر ان پر کوئی میڈیسن یا لیکوڈ (تری) لگائے بغیر اندرونی چیک اپ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ان آلات کا ایک سرا باہر ہوتا ہے اور دوسرا سرا اندر ہوتا ہے، البتہ اگر غلطی سے دونوں سرے اندر چلے گئے یا آلات پر کوئی میڈیسن یا لیکوڈ (مائع) وغیرہ لگا کر چیک اپ کروایا تو جیسے دوا یا تری اندر جائے گی تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از فتاوی عالمگیری، کتاب الصوم، الباب الرابع فيما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 1، صفحہ 204، مطبوعہ دارالفکر بیروت، ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 423، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 93:*
اگر روزے کی حالت میں ایسا زخم ہو جائے کہ جس میں ٹانکے لگوانے پڑیں تو کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں ایسا زخم ہو جائے کہ جس میں ٹانکے لگوانے پڑیں اور چاہے اس زخم پر دوا لگانی پڑے تو اس کی وجہ سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ دوا وغیرہ جسم کے اندر مَنْفَذْ (یعنی واضح سوارخ جیسے منہ، ناک، آنکھ اور پاخانے کا مقام) کے ذریعے داخل نہیں ہو رہی بلکہ مساموں (یعنی جسم کے انتہائی باریک سوراخوں) کے ذریعے داخل ہو رہی ہے اور جو چیز مساموں کے ذریعے اندر داخل ہو، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 94:*
روزے کی حالت میں ناف میں تیل ٹپکانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں ناف میں تیل ٹپکانا بلاکراہت جائز ہے، اس سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا کیونکہ اس طرح کرنے سے بدن میں تیل مساموں کے ذریعے جاتا ہے، منفذ (یعنی سوراخ) کے ذریعے نہیں جاتا اور اس پر فقہاء کرام رحمۃ اللہ علیھم کا اتفاق ہے کہ جو چیز مساموں کے ذریعے بدن میں داخل ہو، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*سوال 95:*
کیا روزے کی حالت میں مصنوعی دانت منہ میں لگا سکتے ہیں ؟
*جواب:*
وہ مصنوعی دانت جو بآسانی اتر سکتے ہیں، ان کو روزے کی حالت میں منہ میں لگا سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا ذائقہ حلق میں محسوس نہ ہو.
*(فقہی معلومات، صفحہ 38، ناشر شاہد اینڈ سنز لاہور، بحوالہ مسائل روزہ)*
*سوال 96:*
کیا روزے کی حالت میں نکسیر پھوٹنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں نکسیر پھوٹے اور خون حلق سے نیچے نہ اترے تو روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، البتہ اگر خون حلق سے نیچے اتر جائے اور روزہ دار ہونا یاد ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، 422، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
*سوال 97:*
کیا روزے کی حالت میں داڑھ میں انجکشن لگایا جا سکتا ہے؟
*جواب:*
بوقتِ ضرورت داڑھ میں انجیکشن لگوا سکتے ہیں، اس سے روزے پر اثر نہیں پڑے گا البتہ پوری احتیاط کی جائے کہ دوا، خون وغیرہ حلق سے نیچے نہ اترے ورنہ روزہ ٹوٹ جائے گا، اور بہتر یہی ہے کہ روزہ افطار کرنے کے بعد ہی داڑھ میں انجیکشن لگوایا جائے۔
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی نوریہ، جلد 2، صفحہ 217 تا 235، دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیرپور اوکاڑہ، فتاویٰ شارح بخاری، جلد 1، صفحہ 41، 42، مکتبہ برکات المدینہ کراچی، فتاوی فیض رسول، جلد 1، صفحہ 516 ،517، 518، شبیر برادرز لاہور، فتاوی یورپ، صفحہ 305، 306، 307، 308، شبیر برادرز لاہور، فتاوی بریلی، صفحہ 362، 363، شبیر برادرز لاہور، فتاویٰ فقیہ ملت، جلد 1، صفحہ 344، 345، شبیر برادرز لاہور، فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 10، 11، 12، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ
1👍1
341، 342، 343، 344، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، ماہنامہ اشرفیہ جنوری 2016 وغیرہ)*
*سوال 98:*
بچوں کو کس عمر سے روزہ رکھوانا چاہیے ؟
*جواب:*
بچے جب سات سال کے ہو جائیں اور روزہ رکھنے کی طاقت ہو تو روزہ رکھنے کا کہا جائے اور جب دس سال کے ہو جائیں اور روزہ رکھنے کی طاقت ہونے کے باوجود نہ رکھیں تو مار کر روزے رکھوائیں (بشرطیکہ روزہ انہیں نقصان نہ کرے).
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 442، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 345، رضا فاؤنڈیشن لاہور)*
*سوال 99:*
روزے کی حالت میں مردوں کا ہونٹوں پر چپسٹک لگانا کیسا ہے ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں مردوں کے لئے ہونٹوں پر چپسٹک لگانا جائز ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا البتہ اگر کسی کی ہونٹوں پر زبان پھیرنے کی عادت ہو تو وہ روزے کی حالت میں اس سے پرہیز کرے کہ اگر اس کا کوئی جز حلق سے نیچے اتر گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر چپسٹک کا ذائقہ منہ میں محسوس ہوتا ہو تو پھر روزے کی حالت میں بلاضرورت صحیحہ اسے ہونٹوں پر لگانا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے.
*(ماخوذ از ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 453، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 551، رضا فاؤنڈیشن لاہور، تفہیم المسائل، جلد 2، صفحہ 191، ضیاء القرآن پبلی کیشنز)*
*سوال 100:*
اگر بازار سے ایسی چیز خریدنا ہو کہ اس کو نہ چکھا تو نقصان ہوسکتا ہے تو کیا روزے کی حالت میں اسے چکھ سکتے ہیں ؟
*جواب:*
اگر واقعی کوئی ایسی چیز خریدنی ہو کہ اسے نہ چکھنے سے نقصان ہو سکتا ہے تو روزے کی حالت میں اسے چکھنا بغیر کسی کراہت و ناپسندیدگی کے جائز ہے اور اگر ایسی صورتحال نہ ہو تو بلاعذر چکھنا مکروہِ تنزیہی اور شرعاً ناپسندیدہ ہے.
*(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 453، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)*
*نوٹ:*
چکھنے سے مراد کھانا نگلنا نہیں بلکہ صرف زبان پر رکھ کر مزہ معلوم کرکے اسے تھوک دینا اور اس کے کسی جز کو حلق سے نیچے نہ جانے دینا ہے.
*(بہارِ شریعت جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 996، 997، مکتبۃ المدینہ کراچی)*
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم
کتبہ
*ابواسیدعبیدرضامدنی رئیس مرکزی دارالافتاء اہلسنّت عیسیٰ خیل ضلع میانوالی*
30/04/2020
03068209672
1👍1