ISLAM WITH EMAN
1.28K subscribers
1.2K photos
39 videos
3 files
3.64K links
اصلاحی کہانیاں اور سبق آموز احادیث و واقعات...
ایڈمن سے رابطہ کیلئے:
@syedsajjadhamdani
Download Telegram
🌹 واقعۂ معراج النبیؐ 🌹

چونکہ ہمارے اہلسنت بھائی ستائیس رجب المرجب کو عیدِ معراج مناتے ہیں۔ اس لئے مناسب جانا کہ معراج کے بارے میں بیان کیا جائے۔۔

🔷 واقعۂ معراج
‘‘واقعۂ معراج’’ کب اور کس طرح پیش آیا اس کی صحیح اور دقیق تاریخی جزئیات کے بارے میں تاریخ نویسوں کے درمیان کافی زیادہ اختلاف پایا جاتاہے، بعض کہتے ہیں کہ ‘‘واقعہ معراج’’ بعثتِ پیغمبرؐ کے چھ ماہ بعد اور بعض کی رائے میں بعثت کے دوسرے، تیسرے، پانچویں، دسویں، گیارہویں یا بارہویں سال میں رونما ہوا۔(١)

علی بن ابراہیم قمی بیان کرتے ہیں کہ واقعۂ معراج ٢٧ رجب المرجب ١٢ ؁ بعثت کی رات پیش آیا، جب خداوند عالم نے جبرائیلؑ کو بھیج کر بُراق کے ذریعہ آنحضرتؐ کو قاب قوسین کی منزل پر بلایا اور وہاں علی بن ابی طالبؑ کی خلافت و امامت کے متعلق ہدایات فرمائیں۔(٢)

‘‘واقعہ معراج’’ کا اقرار اور اس پر عقیدہ رکھنا ضروریاتِ دین میں سے ہے، حضرت امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:
‘‘جو شخص معراج کا منکر ہے اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘(٣)

روایت میں ہے کہ معراج سے پہلے صرف دو نمازیں واجب تھیں اور معراج کے بعد پانچ وقت کی نمازیں مقرر ہوئیں۔

جب ہم رسول اکرمؐ کے ‘‘واقعہ معراج’’ کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں تو ہمارے سامنے دو عنوان آتے ہیں: ایک اسراء اور دوسرا معراج۔

‘‘اسراء’’
یہ رات کے وقت آنحضرتؐ کا وہ سفر ہے جو مسجد الحرام یعنی مکہ مکرمہ سے مسجد اقصیٰ یعنی بیت المقدس تک طے ہوا، چنانچہ اس بارے میں قرآنِ کریم کا صریح ارشاد ہے:
‘‘پاک و منزہ ہے وہ ذات جس نے رات میں اپنے بندے کو مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ، وہ مسجد جس کے اطراف کو ہم نے برکت دی، تک کی سیر کرائی، تاکہ ہم اپنے بندے کو اپنی (قدرت کی) نشانیاں دکھائیں۔’’(٤)

یہ سفرجناب اُم ہانی کے گھر سے شروع ہوا، پہلے آپؐ بیت المقدس تشریف لے گئے پھر وہاں سے آسمان کے سفر پر روانہ ہوئے۔ آسمانی منازل طے کرتے ہوئے آپؐ ایک ایسی منزل پر پہنچے جس کے آگے جبرائیلؑ کا جانا بھی ممکن نہ تھا، جبرائیلؑ نے عرض کی حضور اب اگر ایک انگلی بھی آگے بڑھوں گا تو جل جاؤں گا۔ پھر آپؐ بُراق پر سوار آگے بڑھے، ایک منزل پر بُراق رک گیا اور آپؐ رفرف پر بیٹھ کر آگے روانہ ہوگئے یہ ایک نوری تخت تھا جو نور کے دریا میں جا رہا تھا یہاں تک کہ آپؐ منزلِ مقصود پر پہنچ گئے۔(٥)

اس آیت میں جملہ ‘‘سُبْحَانَ الَّذِی’’ اس حقیقت کو بیان کر رہا ہے کہ یہ سفر خداوند متعال کی قدرت کے پرتو میں انجام پایا تھا۔ جملہ ‘‘أَسْرٰی بِعَبْدِہِ لَیْلاً’’ سے یہ مطلب واضح ہے کہ اس سیر کی علت ذات خداوندی تھی اور اسی سے یہ بات بھی واضح ہو جاتی ہے کہ یہ سیر رات کے وقت ہوئی، اس کے علاوہ لفظ ‘‘لَیْلاً’’ سے بھی وہی مفہوم سمجھ میں آتا ہے جو لفظ ‘‘أَسْرٰی’’ سے سمجھ میں آتا ہے، کیونکہ عربی میں یہ لفظ رات کے وقت سفر کے مفہوم میں استعمال ہوتا ہے، تیسری بات یہ ہے کہ یہ ‘‘سفر’’ جسمانی اور روحانی تھا اگر فقط روحانی ہوتا تو اس کے لیے لفظ ‘‘بِعَبْدِہِ’’ کے ذکر کی کوئی ضرورت پیش نہ آتی۔ مذکورہ آیت کی رو سے اس سفر کا آغاز ‘‘مسجد الحرام’’ سے ہوتا ہے اور اختتام ‘‘مسجد اقصیٰ’’ پر اور آخر میں اس سفر کا یہ مطلب بتایا گیا ہے کہ خداوند متعال کو اپنی نشانیاں دکھانا مقصود تھیں۔

‘‘معراج’’ اور ملکوت اعلیٰ کی سیر کے بارے میں بہت سے محدثین اور مورخین کے نظریات کی بنیاد پر تحقیقات کی جا چکی ہیں اگرچہ سب کی متفقہ رائے یہی ہے کہ شبِ معراج، ہی شبِ اسراء ہے، یعنی یہ دونوں سفر ایک ہی رات میں انجام پائے ہیں۔(٦)

حضرت عبداللہ بن عکیم سے روایت ہے کہ حضور نبی اکریم نے فرمایا کہ اللہ تعالی نے شب معراج وحی کے ذریعے مجھے علی کی تین صفات کی خبر دی یہ کہ وہ تمام مومنین کے سردار ہیں، متقین کے امام ہیں اور (قیامت کے روز) نورانی چہرے والوں کے قائد ہوں گے اس حدیث کو امام طبرانی نے اپنی المعجم الصغیر میں بیان کیا ہے۔

عن ابن عباس قال : ما نزل فی احد من کتاب اللہ تعالی ما نزل فی علی رواہ ابن عساکر فی تاریخہ۔
(اخرجہ ابن عساکر فی تاریخ دمشق الکبیر 363/42والسےوطی فی تاریخ الخلفاء:٢٣١)

📚 حوالہ جات
١۔ الصحیح من سیرة النبی الاعظمؐ، ج١، ص٢٢٩ - ٢٧٠.
٢۔ تفسیرقمی ؒ، سورہ النجم.
٣۔ سفینۃ البحار، شیخ عباس قمی ؒ، ج٢، ص١٧٤.
٤۔ سورۂ اسراء، آیت١.
٥۔ شرح عقائدنسفی، ص٦٨.
٦۔ تاریخِ پیغمبرؐ، عبدالحسین امینی ؒ، ص١٠٩.

https://t.me/islamwitheman/3124
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌷 ماہِ شعبان میں فضیلت روزہ و صدقہ 🌷

■ ماهِ شعبان میں فضیلتِ روزہ
شعبان وہ عظیم مہینہ جو حضرت رسولؐ سے منسوب ہے حضورؐ اس مہینے میں روزے رکھتے اور اس مہینے کے روزوں کو ماہ رمضان کے روزوں سے متصل فرماتے تھے ۔ اس بارے میں آنحضرت کا فرمان ہے کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور جو شخص اس مہینہ میں ایک روزہ رکھے تو جنت اس کیلئے واجب ہو جاتی ہے۔

امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں کہ جب شعبان کا چاند نمودار ہوتا تو امام زین العابدینؑ تمام اصحاب کو جمع کرتے اور فرماتے : اے میرے اصحاب ! جانتے ہو کہ یہ کونسا مہینہ ہے ؟ یہ شعبان کا مہینہ ہے اور رسول اکرمؐ فرمایا کرتے تھے کہ یہ شعبان میرا مہینہ ہے۔ پس اپنے نبیؐ کی محبت اور خدا کی قربت کیلئے اس مہینے میں روزے رکھو۔ اس خدا کی قسم کہ جس کے قبضہ قدرت میں علیؑ ابن الحسینؑ کی جان ہے میں نے اپنے پدر بزرگوار حسینؑ ابن علیؑ سے سنا وہ فرماتے تھے میں نے اپنے والد گرامی امیرالمؤمنینؑ سے سنا کہ جو شخص محبتِ رسولؐ اور تقربِ خدا کیلئے شعبان میں روزہ رکھے تو خدائے تعالیٰ اسے اپنا تقرب عطا کریگا قیامت کے دن اس کو عزت و احترم ملے گا اور جنت اس کیلئے واجب ہو جائے گی۔

شیخ نے صفوان جمال سے روایت کی ہے کہ امام جعفر صادقؑ نے فرمایا:
اپنے قریبی لوگوں کو ماہ شعبان میں روزہ رکھنے پر آمادہ کرو۔
میں نے عرض کیا:
آپ پر قربان ہو جاؤں اس میں کوئی فضیلت ہے؟
آپؑ نے فرمایا:
ہاں! اور فرمایا رسول ﷲ جب شعبان کا چاند دیکھتے تو آپ کے حکم سے ایک منادی یہ ندا کرتا۔۔

اے اہل مدینہ! میں رسولِخداؐ کا نمائندہ ہوں اور ان کا فرمان ہے کہ شعبان میرا مہینہ ہے۔ خدا کی رحمت ہو اس پر جو اس مہینے میں میری مدد کرے۔ یعنی روزہ رکھے۔
صفوان کہتے ہیں امام جعفر صادقؑ کا ارشاد ہے کہ۔۔
امیرالمؤمنینؑ فرماتے تھے جب سے منادی رسولؐ نے یہ ندا دی اسکے بعد شعبان کا روزہ مجھ سے قضا نہیں ہوا اور جب تک زندگی کا چراغ گل نہیں ہو جاتا یہ روزہ مجھ سے ترک نہیں ہوگا نیز فرمایا کہ شعبان اور رمضان دو مہینوں کے روزے توبہ اور بخشش کا موجب ہیں۔(1)

■ ماهِ شعبان میں فضیلتِ صدقہ
🌹 عَنِ الْعَبَّاسِ بْنِ هِلَالٍ قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا الْحَسَنِ عَلِيَّ بْنَ مُوسَى الرِّضَا عَلَيْهِ ﺍﻟﺴﱠﱠﻠَﺎﻡُ يَقُولُ: مَنْ تَصَدَّقَ فِي شَعْبَانَ بِصَدَقَةٍ وَ لَوْ بِشِقِّ تَمْرَةٍ حَرَّمَ اللَّهُ جَسَدَهُ عَلَى النَّارِ.(2)
ترجمہ:
حضرت امام رضا علیہ السلام:
جو شخص بهی شعبان میں کچھ صدقہ دے، خواہ آدها خرما ہی ہو، خداوند عالم اس جسم پر آتش جہنم کو حرام کر دیتا ہے.

🌹 عَنْ دَاوُدَ الرَّقِّيِّ قَالَ: سَأَلْتُ أَبَا عَبْدِ اللَّهِ عَلَيْهِ ﺍﻟﺴﱠﱠﻠَﺎﻡُ مَا أَفْضَلُ مَا يُفْعَلُ فِيهِ؟ قَالَ: الصَّدَقَةُ وَ الِاسْتِغْفَارُ، وَ مَنْ تَصَدَّقَ بِصَدَقَةٍ فِي شَعْبَانَ، رَبَّاهَا اللَّهُ تَعَالَى كَمَا يُرَبِّي أَحَدُكُمْ فَصِيلَهُ حَتَّى يُوَافِيَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَ قَدْ صَارَتْ مِثْلَ أُحُدٍ۔(3)
ترجمہ:
داوود رَقّی کہتے ہیں: میں نے حضرت امام صادق علیہ السلام کی خدمت میں عرض کیا: ماہ شعبان میں سب سے بہترین عمل کیا ہے؟

فرمایا: صدقہ اور استغفار، جو شجص بهی ماه شعبان میں صدقہ دے تو خداوند متعال اس صدقہ کو پرورش دیتا (اسے بڑهاتا) رہتا ہے، جس طرح سے تم اونٹ کے بچے کی پرورش کرتے ہو، خداوند عالم روز قیامت اس صدقہ کو واپس کرے گا اس طرح کہ وہ کوه احد کے برابر ہو چکا ہوگا.

📚 حوالہ جات
(1) مفاتيح الجنان، ص310۔
(2) بحارالأنوار، ج97، ص72 به نقل از عیون اخبارالرضا علیه السلام
(3) وسائل‏ الشيعة، ج10، ص511 به نقل از اقبال الاعمال.

https://t.me/islamwitheman/3133
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌷 ماہ شعبان کے مشترکہ اعمال 🌷

اس عظیم و شریف مہینے کے أعمال دو قسم کے ہیں ایک اعمال مشترکہ اور دوسرے اعمال مختصہ۔ یہاں اعمال مشترکہ بیان کئے جاتے ہیں۔

🔹 استغفار
روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس ماہ کا بہترین عمل استغفار ہے اور اس مہینے میں ستر مرتبہ استغفار کرنا گویا دوسرے مہینوں میں ستر ہزار مرتبہ استغفار کرنے کے برابر ہے۔

▪ہر روز ستر مرتبہ کہے۔۔
اَسْتغْفِرُ ﷲ وَ اَسْئَلُہُ التَّوْبَۃَ۔
بخشش چاہتا ہوں ﷲ سے اور توبہ کی توفیق مانگتا ہوں۔

▪ہر روز ستر مرتبہ کہے۔۔
اَسْتغْفِرُ ﷲ الَّذِیْ لَا اِلَہَ اِلَّا ھُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہِ۔
بخشش کا طالب ہوں ﷲ سے کہ جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ بخشنے والا مہربان ہے زندہ نگہبان ہے اور میں اسکے حضور توبہ کرتا ہوں زندہ و پائندہ بخشنے والا مہربان۔

بعض روایات میں الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ کے الفاظ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ سے قبل ذکر ہوئے ہیں۔ پس جیسے بھی عمل کرے مناسب ہے۔

🔹 صدقہ
صدقہ دے اگرچہ وہ نصف خرما ہی کیوں نہ ہو، اس سے خدا اسکے جسم پر جہنم کی آگ کو حرام کردے گا۔

امام جعفر صادقؑ سے ماہ رجب کے روزے کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا؛
تم ماہ شعبان کے روزے سے کیوں غافل ہو؟
راوی نے عرض کی:
فرزند رسولؐ! شعبان کے ایک روزے کا ثواب کس قدر ہے؟ فرمایا قسم بخدا کہ اس کا اجر و ثواب بہشت ہے۔
اس نے عرض کی:
اے فرزند رسولؐ! اس ماہ کا بہترین عمل کیا ہے؟
فرمایا:
صدقہ و استغفار، جو شخص ماہ شعبان میں صدقہ دے۔ پس خدا اس صدقے میں اس طرح اضافہ کرتا رہے گا، جیسے تم لوگ اونٹنی کے بچے کو پال کر عظیم الجثہ اونٹ بنا دیتے ہو۔ چنانچہ یہ صدقہ قیامت کے روز احد کے پہاڑ کی مثل بڑھ چکا ہوگا۔

🔹 ذِکر
پورے ماہ میں ہزار مرتبہ کہے۔۔
لاَ اِلٰہَ اِلَّا ﷲ وَلَا نَعْبُدُ اِلَّا اِیَّاہُ مُخْلِصِیْنَ لَہُ الدِّیْنَ وَلَوْ کَرِہَ الْمُشْرِکِیْنَ۔
ﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں اور ہم عبادت نہیں کرتے مگر اسی کی ہم اس کے دین سے خلوص رکھتے ہیں اگرچہ مشرکوں پر ناگوار گزرے۔

اس ذکر کا بہت زیادہ ثواب ہے، جس میں ایک جز یہ ہے کہ جو شخص مقررہ تعداد میں یہ ذکر کرے گا اس کے نامہ اعمال میں ایک ہزار سال کی عبادت کا ثواب لکھ دیا جائے گا۔

🔹 نماز
شعبان کی ہر جمعرات کو دو رکعت نماز پڑھے ہر رکعت میں سورہ حمد کے بعد سو مرتبہ سورہ توحید پڑھے۔
اور نماز کے بعد سو مرتبہ درود شریف پڑھے تاکہ خدا دین و دنیا میں اس کی ہر نیک حاجت پوری فرمائے۔

🔹 روزہ
حضورؐ اس مہینے میں روزے رکھتے اور اس مہینے کے روزوں کو ماہ رمضان کے روزوں سے متصل فرماتے تھے۔ اس بارے میں آنحضرت کا فرمان ہے کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور جو شخص اس مہینہ میں ایک روزہ رکھے تو جنت اس کیلئے واجب ہو جاتی ہے۔
روایت میں آیا ہے کہ شعبان کی ہر جمعرات کو آسمان سجایا جاتا ہے تو ملائکہ عرض کرتے ہیں، خدایا آج کا روزہ رکھنے والوں کو بخش دے اور ان کی دعائیں قبول کر لے۔

ایک حدیث میں مذکور ہے کہ اگر کوئی شخص ماہ شعبان میں سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھے تو خدا وند کریم دنیا و آخرت میں اس کی بیس بیس حاجات پوری فرمائے گا۔

🔹 درود شریف
ماہ شعبان میں درود شریف بکثرت پڑھے۔

🔹 امام زین العابدین سے مروی صلوات
شعبان میں ہرروز وقت زوال اور پندرہ شعبان کی رات کو امام زین العابدین سے مروی صلوات پڑھے۔ (اعمال کی کتب میں موجود ہے)

🔹 امیرالمؤمنین اور انکے فرزندان کی مناجات
یہ مناجات بھی اعمال کی کتب میں موجود ہیں۔

📚 مفاتيح الجنان

https://t.me/islamwitheman/3137
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 میلاد جناب زینب عالیہؑ 🌹

جناب زینب عالیہؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر امام زمانہ عج اور تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔

🔷 ولادت
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت 5 جمادی الاول یا یکم شعبان کو مدینہ منورہ میں ہوئی، آپ امام حسین علیہ السلام کی ولادت کے 2 سال بعد پیدا ہوئیں.

🔷 ثانی زہراؑ کا اسم گرامی
جب آپؑ اس دنیا میں تشریف لائیں تو جناب فاطمہؑ نے اپنے شوہر نامدار سے آپ کا نام تجویز کرنے کو کہا تو انھوں نے فرمایا کہ وہ اس کام میں رسول خدا پر سبقت نہیں لے سکتے. رسول خدا سے درخواست کی گئی تو انھوں نے فرمایا اس کام میں میں الله سے سبقت نہیں لے سکتا. پس جبرائیلؑ نازل ہوئے اور عرض کی کہ پروردگار آپ پر سلام بھیجنے کے بعد ارشاد فرماتے ہیں کہ شہزادی کا نام زینب رکھا جائے.

🔷 القابات جناب زینبؑ
جناب زینب عالیہؑ کی حیات اقدس کا کچھ زمانہ نہ گزرا تھا کہ آپ کی عظیم صفات ظاہر ہونے کے بعد متعدد القابات کی تعیین کرنے کی نوبت آئی. آپ کی مخصوص صفات کے اعتبار سے لوگ آپ کو موسوم کرنے لگے. ہم ان تمام القابات کو جمع کرنے کی قوت نہیں رکھتے لیکن بعض کتب تاریخ میں جن کا ذکر آیا ہے ان میں سے چند یہ ہیں۔۔
آپ کو عظیم و خردمند خاتون کے طور پر "عقیلہ" کا نام دیا گیا. لغت کی کتب میں لکھا ہے
* العقيله الكريمة المخدرة
* لبية جزلة عاقلة یعنی تیز فہم، تیز ادراک و خردمند خاتون۔
* عقيلة جليلة یعنی پر شوکت و جلال بیبی۔
* أهراة عاقلة یعنی خردمند مخدومہ
* عقيلة طالبين یعنی عقیلہ خاندان ابوطالب۔
* محدثة؛ کیونکہ آپ احادیثِ پیغمبرؐ کی راوی ہیں. اس لیے آپ کو یہ اسم گرامی الله کی طرف سے عطا ہوا اور یہ وہ بخشش ہے جو الله اپنے پاک و نیک بندوں پر رحمت فرماتا ہے.
* بطلة كربلا یعنی کربلا کی شجاع خاتون
* أهل ألتقي یعنی اہل تقویٰ اور شب وروز مصروف عبادت۔

🔷 پرورش جناب زینبؑ عالیہ
آپ اپنی والدہ کے سایہ عاطفت میں پرورش پاکر سنِ رشیدہ کو پہنچیں۔ زینب عالیہؑ کا گوشت و خون سیدہ طاہرہ کے گوشت و خون سے بنا ایسی بیٹی کی آمد سے گھر میں رونق اور خوشیوں کو زندہ کردیا جس کو دیکھ کر ماں کا دل مسرت و شادمانی حاصل کرتا ہے، جس نے سیدہ طاہرہؑ کا دودھ پیا جو سینہ عظمت و عصمت و تقویٰ کی مالک تھیں. تقریباً 6 برس آپ اپنی والدہ کے ہمراہ رہیں. سیدہ طاہرہؑ کی تنہائی اس بیٹی کے دم سے باقی نہ رہی اور وجود زینب سے خانہ سیدہ کی خلوت کو منور کیا۔

علامہ اقبال فرماتے ہیں:
سیرت فرزند ہا از امہات
جوہرصدق وصفا از امہات
مزرع تسلیم ر حاصل بتولؑ
مادران را اسوہ کامل بتولؑ

🔷 جناب زینبؑ کی شادی مبارک
سنِ بالغہ کو پہنچیں تو بہت سے اشراف و روسائے قبائلِ عرب نے آپ کے رشتہ کی خواستگاری کی. حضرت عبدللہ ابن جعفر جو حضرت جعفر طیار کے فرزند تھے (وہ شہید جن کے بارے میں رسول اکرمؐ نے فرمایا: بہشت میں وہ دو بہشتی پروں کے ساتھ پرواز کرتے ہیں) بھی دل میں آپؑ کے ساتھ شادی کی خواہش رکھتے تھے. انھوں نے قاصد کے ذریعے پیغام بھجوایا جسے حضرت علیؑ ابن ابیطالبؑ نے قبول فرمایا.

یہ گلشنِ عصمت کی وہ معصوم کلی ہے
تطہیر میں زہراؑء ہے تو تیور میں علیؑ ہے

-------------------------------------------
https://t.me/islamwitheman/3140
-------------------------------------------

👈 مزید پوسٹس دیکھنے کے لئے مطلوبہ پوسٹ کے لنک پر کلک کریں۔۔۔۔

🌹 شہادت جناب زینب عالیہؑ
https://t.me/islamwitheman/3034

🌹 عید میلاد حضرت زینبؑ
http://t.me/islamwitheman/148

🌹 فضیلت زینب عالیہؑ
https://t.me/islamwitheman/1783

🌹 عالمہ غیر معلمہؑ
https://t.me/islamwitheman/1906

🌹 حضرت سیدہ بیبی زینبؑ
https://t.me/islamwitheman/2852

🌹 عقیلہ بنی ھاشمؑ
https://t.me/islamwitheman/3035

🌹 جناب زینبؑ اور نماز شب
https://t.me/islamwitheman/3036

🌹 میلاد جناب زینب عالیہؑ
https://t.me/islamwitheman/3155
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕