ISLAM WITH EMAN
1.28K subscribers
1.2K photos
39 videos
3 files
3.64K links
اصلاحی کہانیاں اور سبق آموز احادیث و واقعات...
ایڈمن سے رابطہ کیلئے:
@syedsajjadhamdani
Download Telegram
🔷 کھانا خود گرم کر لو 🔷

شادی سے پہلے بیٹی نے اپنے باپ کے گلے میں بانہیں ڈال کر کہا

“پاپا میں کسی کی غلامی نہیں کر سکتی۔"
"کوئی کسی کی غلامی نہیں کرتا۔ میری بچی سب اپنے اپنے حصے کا کام کرتے ہیں۔ جو کام عورتوں کے لئے مشکل ہیں وہ مرد کرتے ہیں اور جو مردوں کے لئے مشکل ہیں وہ عورتیں۔ یونہی مل جل کر گزارا ہوتا ہے۔"

شادی کے بعد
"میں کھانا گرم نہیں کروں گی۔"
"تو اپنے باپ کے گھر واپس چلی جاؤ۔ میں صبح سے شام تک محنت کرتا ہوں تمہاری ضروریات پوری کرنے کے لئے تم میری ضرورت پوری نہیں کر سکتی تو مجھے تمہاری ضرورت نہیں۔"

طلاق کے بعد
(اسلام آباد کی سڑکوں پر بینر اٹھائے)
"کھانا خود گرم کر لو۔"
"کھانا خود گرم کر لو۔"
"کھانا خود گرم کر لو۔"
"کھانا خود گرم کر لو۔"

باپ کے مرنے کے بعد
"دیکھو میری بہن ۔ میں اب فیملی والا ہوں۔ میری بیوی تمہیں اور برداشت نہیں کر سکتی۔ تم اپنا بندوبست کہیں اور کر لو۔"

نوکری کی تلاش میں
"ہمارے پاس ایک فیمیل ریسپشنسٹ کی جگہ خالی ہے۔ آپ ماشاء اللہ خوبصورت ہیں۔ وہاں کام کر سکتی ہیں۔"

ڈھلتی عمر
"بیبی ہم معذرت خواہ ہیں آپ کے کام میں اب پہلے جیسی تندہی نہیں۔ آپ کہیں اور نوکری ڈھونڈیں۔ ہمیں اب آپ کی ضرورت نہیں۔"

ظالم بڑھاپا
"محترمہ آپ کی اتنی عمر ہو گئی ہے۔ اب میں آپ کو کیا نوکری دوں۔ اب تو آپ کو آرام سے اپنے بچوں کی کمائی کھانی چاہیئے۔"
"میرے بچے نہیں ہیں۔ کوئی نہیں ہے میرا۔"
"اوہ چلیں میں کچھ کرتا ہوں آپ کے لئے۔ میرا بیس لوگوں کا اسٹاف ہے۔ کیا آپ ان سب کے لئے کھانا پکا سکتی ہیں؟ میں آپ کو چھ ہزار روپے ماہانہ دوں گا؟"
"چھ ہزار؟"
"میں جانتا ہوں کہ ان چھ ہزار میں آپ کی ضرورت پوری نہیں ہوتی مگر میں مجبور ہوں اس سے زیادہ کی گنجائش نہیں میرے پاس۔"
"ٹھیک ہے مجھے منظور ہے۔" اس کی آنکھوں سے آنسو زار زار بہہ رہے تھے اور سوچ رہی تھی کہ کاش جوانی میں ہی کھانا گرم کر دیتی۔۔۔

کاش کہ یہ بات ہماری بچیوں کے دل میں اتر جاۓ...

https://t.me/islamwitheman/3069
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🔷 نوجوان لڑکیوں کے نام پیغام 🔷

مجھے اپنی مسلمان عورتوں سے کچھ کہنا ہے،، خدا کے لیے ہوش کرو، یہ آزادی آزادی کا نعرہ نہ لے ڈوبے تمہیں..

مجھے اس وقت بہت رونا آیا تھا۔
جب آج سے 15 سال پہلے، انٹرنیٹ کیفے سکینڈل کے باعث، اکلوتی بیٹی کی پنکھے سے لٹکی لاش سے باپ لپٹ کر زارو قطار رو رہا تھا۔
مجھے اس وقت بھی رونا آیا، جب ایک خبیث لڑکے نے، ایک لڑکی سے ناراضگی پر، اس کی برہنہ ویڈیو اپ لوڈ کردی، اور اس بے چاری کو اپنی نبض کاٹ کر دنیا سے جانا پڑا۔
مجھے اس وقت بھی رونا آیا، جب ایک لڑکی، ایک لڑکے کے سامنے بے لباس رو رہی تھی، کہ میری ویڈیو ڈیلیٹ کردو۔
اور وہ کہہ رہا تھا کہ میرے دوستوں کو بھی خوش کرو۔
اور اس رات وہ چھت سے کود کر مر گئی۔
مجھے اس وقت بھی رونا آیا، جب ایک لڑکی اپنی سہیلی کے ہمراہ، اپنے محبوب سے ملنے گئی اور وہاں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن کر سسک سسک کر مر گئیں۔
اور ہسپتال والوں نے جب فون کیا تو، والدین نے کہا ہماری تو کوئی بیٹی ہی نہیں۔
مجھے اس دن بھی رونا آیا، جب ایک لڑکی کو، اس کےمحبوب نے نشہ آور جوس پلا کر، اپنے دوستوں کے سامنے پیش کیا۔
اور اس غم کی ماری نے، ایک ٹرک تلے آکر جان دیدی۔
مجھے ان سب لڑکیوں کی حالت پر رونا آتا ہے، جو گھر سے محبوب کو ملنے نکلتی ہیں۔ اور آج کسی قحبہ خانے میں موت کی دعائیں مانگ رہی ہیں۔
یاد رکھیں مرد تو جسم کا بھوکا
ہے۔ وہ عورت کو نوچ بھی لیتا ہے۔ کاٹ بھی لیتا ہے۔
اسے انسان سے کتا بننے میں دیر نہیں لگتی۔
لیکن اسے ایسا بننے کا موقع عورت دیتی ہے۔
اور سمجھتی ہے کہ میری عزت کا رکھوالا بنے گا۔
لیکن وہ جانتی نہیں کتا وفادار ہوتا ہے۔
لیکن مرد درندہ بن جائے تو بہت خطرناک ہوتا ہے۔

اس لئے بچ کر رہیں۔
ہر مرد مرد نہیں ہوتا۔
کچھ شیطان بھی ہوتے ہیں۔

https://t.me/islamwitheman/3070
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
⚔ غزوہ خیبر ⚔

غزوہ خیبر رسولخداؐ کے غزوات میں سے ایک ہے جو 7 ہجری میں منطقۂ خیبر میں انجام پایا۔

غزوہ خیبر میں مسلمانوں کی تعداد 1400[1] یا غزوہ حدیبیہ میں حاضرین کی تعداد کے برابر یعنی 1500[2] یا 1540[3] تھی۔ غزوہ خیبر میں 20 خواتین نے شرکت کی جن میں ام المؤمنین ام سلمہؑ بھی شامل تھیں۔ بنوغفار کی خواتین رسول اکرمؐ کی اجازت سے زخمیوں کی مرہم پٹی اور مسلمانوں کی مدد کرنے کی غرض سے شریک ہوئیں۔[4]۔[5] مدینہ کے یہودیوں میں سے 10 افراد اور غلاموں کی ایک جماعت نے بھی شرکت کی۔[6]

⚔ جنگ کا آغاز
جنگ کے پہلے دن 50 مسلمان زخمی ہوئے۔ رسول اکرمؐ نے سات شب و روز تک چھاؤنی لگائی رکھی اور ہر روز مسلمانوں کے ہمراہ جن میں سے ہر ایک گروہ کے پاس ایک پرچم ہوتا تھا یہودیوں کے ساتھ جنگ میں مصروف رہتے تھے۔ چھٹی رات کو نطاۃ کا ایک یہودی باشندہ جس کا نام "سماک" تھا رسول اکرمؐ کی خدمت میں حاضر ہوا اور امان مانگ کر اس قلعہ کی جانب راہنمائی کی پیشکش کی اور بتایا کہ قلعۂ نطاۃ جو اشیائے خورد و نوش اور ہتھیاروں کا گودام بھی ہے اندرونی طور پر شکست و ریخت کا شکار ہوچکا ہے اور اہلیان قلعہ خوف کے مارے قلعہ چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ اگلے دن مسلمانوں نے قلعۂ نطاۃ کو فتح کیا اور سماک نے بعد میں اسلام قبول کیا۔[7]

قلعۂ ناعم کی فتح
مروی ہے کہ سب سے پہلا قلعہ جو مسلمانوں نے فتح کیا قلعۂ ناعم تھا۔ یہ قلعہ خود کئی ذیلی قلعوں اور حصاروں پر مشتمل تھا اور رسول اکرمؐ نے ان پر حملہ کرنے کے لئے اپنے اصحاب کی صف آرائی کا اہتمام کیا۔ یہودیوں نے مسلمانوں کو تیروں کا نشانہ بنایا اور اصحاب نے اپنے جسموں کو رسولخداؐ کے لئے ڈھال قرار دیا۔ اس روز آپؐ نے اپنا سفید پرچم دو مہاجروں (بقول ابن اسحق ابوبکر اور عمر) اور ان کے بعد ایک انصاری کے سپرد کیا؛ لیکن وہ کچھ زیادہ کام کئے بغیر میدان جنگ سے پلٹ آئے؛ بخاری کی روایت ملاحظہ ہو:

ترجمہ: بخاری نے صحیح میں اپنی سند سے، ابن حازم سے روایت کی ہے کہ سہیل بن سعد نے مجھے خبر دی کہ بتحقیق رسول اللہ نے خیبر کے دن فرمایا: بتحقیق کل میں یہ پرچم اس مرد کو دونگا جس کے ہاتھوں خداوند عالم اس قلعے کو فتح فرمائے گا؛ وہ ایسا مرد ہے جو خدا اور اس کے رسولؐ سے محبت کرتا ہے اور خدا اور اس کا رسولؐ بھی اس سے محبت کرتے ہیں؛ وہ کرار اور جم کر لڑنے والا اور غیر فرار ہوگا۔

اگلے روز رسول اکرمؐ نے علیؑ بن ابیطالبؑ کو بلایا جو آشوب چشم میں مبتلا تھے اور پیغمبرؐ کے معجزے سے آشوب چشم میں افاقہ ہوا تو پیغمبر اسلامؐ نے پرچم آپؑ کے سپرد کیا۔[8]

⚔ مرحب کی ہلاکت
صحیح اور دقیق روایت کے مطابق حضرت علیؑ  نے مرحب کو دو بدو لڑائی میں تلوار مار کر ہلاک کردیا اور یہ ضربت اس قدر مؤثر تھی کہ اس کے بعد قلعۂ خیبر فتح ہوا۔[9]

فتحِ قلعۂ مرحب
مروی ہے کہ خیبر کے قلعوں میں سب سے بڑا، سخت اور مضبوط قلعہ "قموص" تھا اور رسولخداؐ نے اس کی فتح کا پرچم علیؑ کو عطا کیا اور علیؑ نے مرحب کو جس کا نام اس قلعے کے لئے مختص تھا ہلاک کیا اور قلعے کو فتح کردیا۔[10]

⚔ باب خیبر اکھاڑے جانے کا منظر
ابو رافع کی روایت کے مطابق، ایک یہودی نے قلعے کے دروازے کے پاس حضرت علیؑ پر وار کیا اور آپؑ کی ڈھال گر گئی چنانچہ آپؑ نے قلعے کے ایک دروازے کو اکھاڑ کر اس کو اپنی ڈھال قرار دیا اور اسی دروازے کو ہاتھ میں لے کر آخر تک لڑتے رہے یہاں تک کہ قلعہ آپؑ کے ہاتھوں فتح ہوا اور اسی قلعے (یعنی قلعۂ مرحب) کی فتح کی خوشخبری رسولخداؐ کے لئے بھجوا دی۔[12] مروی ہے کہ جنگ کے بعد 40 یا 70 افراد اس دروازے کو اٹھانے میں کامیاب ہوسکے تھے۔[12]

خیبر کی فیصلہ کن فتح امام علی علیہ السلام کے فضائل و مناقب میں شمار ہوتی ہے جس پر بہت سے مؤرخین اور محدثین کا اتفاق ہے۔[13]

جنگ کی مدت
خیبر کے یہودی عام تصورات کے برعکس آخر کار رسولخداؐ کے مقابلے میں مغلوب ہوئے۔ یہ یہودیوں کی دوسری شکست تھی[14] جو تقریبا ایک مہینے تک محاصرے اور جنگ کے نتیجے میں وقوع پذیر ہوئی۔ بلاذری کے مطابق جنگ اور محاصرے کی یہ مدت 20 سے لیکر 30 دن تک تھی؛[15]

مقتولین کی تعداد
جنگ خیبر میں 15 سے 18 مسلم مجاہدین شہید ہوئے اور یہودیوں میں سے 93 افراد مارے گئے۔[16]

📚 حوالہ جات
1۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص689۔
2۔ ابن زنجویه، ج1، ص190 ۔
3۔ البلاذری، انساب الاشراف، ص28۔
4۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص685-687۔
5۔ ابن هشام، السیرة النبویة، ج3، ص357۔
6۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص684-685۔
7۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص644-648۔
8۔ البخاری، صحيح البخاري، ج5، ص134۔
9۔ ابن حنبل، المسند، ج4، ص52۔
10۔ الیعقوبی، تاریخ الیعقوبی، ج2، ص56۔
12۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص655۔
12۔ المفید، الارشاد، ج2، ص128-129۔
13۔ ابن بابویه، الخصال، ج2، ص369۔
14۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص676۔
15۔ البلاذري، فتوح البلدان، ص39، قس ص28۔
16۔ الواقدی، المغازی، ج2، ص700۔

https://t.me/islamwitheman/3081
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 حضرت امام موسٰی کاظمؑ 🌹

اسم مبارک: موسٰی
القاب: کاظم، عبدصالح، نفس زکیہ، صابر، امین، باب الحوائج وغیرہ
کنیت: ابو الحسن، ابو ابراہیم، ابوعلی، ابوعبداللہ
تاریخ ولادت: ٧ صفر ١٢٨ھ
تاریخ شہادت: ۲۵ رجب ۱۸۳ھ
مدفن: کاظمین (بغداد) عراق

حضرت امام موسٰی کاظمؑ، رسول اکرمؐ کے ساتویں جانشین ہیں. آپ کے والد حضرت امام جعفر صادقؑ اور آپ کی والدہ ماجدہ جناب حمیدہ خاتون تھیں، جو بربر یا اندلس کی رہنے والی تھیں.
امام محمد باقر علیہ السلام جناب حمیدہ خاتون کے متعلق ارشاد فرماتے ہیں، آپ دنیا میں حمیدہ اور آخرت میں محمودہ ہیں. امام موسیٰ کاظمؑ اپنے آباؤ اجداد کی طرح امام منصوص من اللہ، معصوم، اعلم زمانہ اور افضلِ کائنات تھے. آپ دنیا کی تمام زبانیں جانتے تھے، آپ دنیا کے عابدوں میں سے سب سے بڑے عبادت گزار اور سخاوت میں سب سے زیادہ سخی تھے.

حضرت امام موسٰی کاظمؑ ٧صفر المظفر ۸۲۱ھ مطابق ۱۰نومبر ۷۴۵ء شنبہ کے روز ابوا کے مقام جو مدینہ و مکہ کے درمیان واقع ہے پیدا ہوئے. ولادت کے فوراً بعد ہی آپ نے اپنے ہاتھوں کو زمین پر ٹیک کر آسمان کی طرف رخ کرکے کلمہ شہادتین زبان پر جاری فرمایا۔ یہ عمل آپ نے بالکل اسی طرح انجام دیا جس طرح آپؑ کے جدبزرگوار حضرت رسول اکرمؐ نے انجام دیا تھا.
آپ کے داہنے بازو پر یہ کلمہ "تمت کلمۃ ربک صدقا وعدلا" لکھا ہوا تھا. ۱۴۸ھ میں امام جعفر صادقؑ کو شہید کیا گیا. باپ کی شہادت کے بعد آپ منصب امامت پر فائز ہوئے اور امامت کے تمام فرائض کے ذمہ دار ہوئے. اس وقت منصور دوانقی کی حکومت تھی. یہ وہی ظالم و جابر بادشاہ تھا جس کے ہاتھوں لاتعداد سادات موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے یا دیوار میں چنوا دیئے گئے.

۱۵۸ھ کے آخر میں منصور دوانقی واصل جہنم ہوتا ہے، اس کے بعد اس کا بیٹا مہدی تخت سلطنت پر بیٹھتا ہے. شروع میں اس نے امامؑ کو کسی قسم کی اذیت نہ دی اور نہ ہی بےاحترامی کی لیکن چند سال بعد اس میں بھی اولاد پیغمبر کی مخالفت کا جذبہ ابھرا اور ۱۶۴ھ میں حج کے بہانے حجاز کی جانب روانہ ہوا۔ وہ امام موسیٰ کاظمؑ کو بھی اپنے ساتھ مکہ سے بغداد لے گیا اور بغداد میں امامؑ کو قید کردیا۔ ایک سال امامؑ اس کی قید میں رہے. بعد میں اسکو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور امامؑ کو آزاد کرکے مدینہ واپس بھیج دیا۔ مہدی کے بعد اس کا بھائی ہادی ۱۶۹ھ میں تخت سلطنت پر بیٹھا اور صرف ایک سال اس نے حکومت کی۔ اس کیبعد ہارون رشید کا زمانہ آیا. اس کے دور میں امام موسیٰ کاظمؑ کو آزادی کی سانس لینا نصیب نہیں ہوا. علامہ طبرسی تحریر فرماتے ہیں کہ جس وقت آپ درجہ امامت پر فائز ہوئے اس وقت آپ کی عمر مبارک بیس سال تھی.
(اعلام الوریٰ ،ص۱۷۱)

امامؑ کی شہادت:
امامؑ کو بصرہ میں ایک سال قید رکھنے کے بعد ہارون الرشید نے والئ بصرہ عیسٰی بن جعفر کو لکھا کہ موسٰی بن جعفر کو قتل کرکے مجھکو ان کے وجود سے سکون دے. اس نے اپنے ہمدردوں سے مشورہ کرنے کیبعد ہارون رشید کو لکھا، میں نے موسیٰ کاظمؑ میں اس ایک سال کے اندر کوئی برائی نہیں دیکھی.
وہ روزوشب نماز اور روزہ میں مصروف و مشغول رہتے ہیں اور عوام و حکومت کے لئے دعائے خیر کرتے ہیں اور ملک کی فلاح و بہبود کے خواہشمند ہیں. کس طرح ایسے شخص کو قتل کردوں، میں ان کے قتل کرنے میں اپنے انجام اور اپنی عاقبت کی تباہی دیکھ رہا ہوں لہٰذا تو مجھے اس گناہ عظیم کے ارتکاب سے معاف کر بلکہ تو مجھے حکم دے کہ میں ان کو اس قید بامشقت سے آزاد کردوں.
اس خط کو پانے کے بعد ہارون الرشید نے اس کام کو سندی بن شاہک کے حوالے کیا اور اسی ملعون کے ذریعہ امامؑ کو زہر دلوا کر شہید کردیا.
علامہ ابن حجر مکی لکھتےہیں ہارون رشید نے آپ کو بغداد میں قید کردیا اور تاحیات قیدرکھا، آپؑ کی شہادت کے بعد آپ کے ہاتھوں اور پیروں سے ہتھکڑیاں اور بیڑیاں کاٹی گئیں.
آپ کی شہادت ہارون رشید کے زہر سے ہوئی جو اس نے سندی ابن شاہک کے ذریعہ دلوایا تھا.
(صواعق محرقہ،ص۱۳۲)

امام موسیٰ کاظمؑ کی شہادت ۲۵ رجب المرجب بروز جمعہ ۱۸۳ھ میں واقع ہوئی. اس وقت آپ کی عمر ۵۵ سال کی تھی. آپ نے ۱۴سال ہارون الرشید کے قید خانہ میں گزارے.
شہادت کے بعد آپ کے جنازہ کو قید خانہ سے ہتھکڑی اور بیڑی سمیت نکال کر بغداد کے پل پر ڈال دیا گیا تھا اور نہایت ہی توہین آمیز الفاظ میں آپ کو اور آپ کے ماننے والوں کو یاد کیا گیا. سلیمان بن جعفر ابن ابی جعفر اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ ہمت کر کے نعش مبارک کو دشمنوں سے چھین کر لےگئے اور غسل وکفن دے کر بڑی شان سے جنازہ کو لیکر مقبرہ قریش میں پہنچے.
امام علی رضاؑ کفن و دفن اور نماز کے لئے مدینہ منورہ سے بااعجاز پہنچ گئے. آپؑ نے اپنے والدماجد کو سپرد خاک فرمایا. تدفین کے بعد امامؑ مدینہ منورہ واپس تشریف لے گئے.
جب مدینہ والوں کو آپ کی شہادت کی خبر ملی تو کہرام برپا ہو گیا. نوحہ و ماتم اور تعزیت کا سلسلہ مدتوں جاری رہا۔

https://t.me/islamwitheman/3083
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 شہادت امام کاظم علیہ السلام 🌹

🔶 علامہ شبلنجی لکھتے ہیں کہ جب ہارون رشید بصرہ میں ایک سال قید رکھنے کے بعد عیسٰی ابن جعفر والئ بصرہ کو لکھا کہ موسٰیؑ بن جعفرؑ کو قتل کرکے بادشاہ کو ان کے وجود سے سکون دے تو اس نے اپنے ہمدردوں سے مشورہ کے بعد ہارون رشید کو لکھا کہ۔۔
اے بادشاہ! امام موسٰی کاظم علیہ السلام میں میں نے اس ایک سال کے اندر کوئی برائی نہیں دیکھی یہ شب وروز نماز، روزہ میں مصروف ومشغول رہتے ہیں۔ عوام اور حکومت کے لیے دعائے خیر کیا کرتے ہیں اور ملک کی فلاح وبہبود کے خواہشمند ہیں بھلا مجھ سے کیونکر ہو سکتا ہے کہ میں انہیں قتل کرکے اپنی عاقبت بگاڑوں۔
”اے بادشاہ! میں ان کے قتل کرنے میں اپنے انجام اور اپنی عاقبت کی تباہی دیکھ رہا ہوں اور سخت حرج محسوس کرتا ہوں، لہذا تو مجھے اس گناہ عظیم کے ارتکاب سے معاف کر بلکہ مجھے حکم دیدے کہ میں انہیں قیدمشقت سے رہا کر دوں۔
اس خط کے پانے کے بعد ہارون رشید نے آخر میں یہ کام سندی بن شاہک کے حوالہ کیا اور اسی سے آپ کو زہر دلوا کر شہید کرا دیا۔ زہر کھانے کے بعد آپ تین روز تک تڑپتے رہے، یہاں تک کہ وفات پا گئے۔(1)

🔶 علامہ جامی لکھتے ہیں کہ زہر کھاتے ہی آپ نے فرمایا کہ آج مجھے زہر دیا گیا ہے کل میرا بدن زرد ہو جائیگا اور تیسرے سیاہ ہوگا اور اسی دن میں اس دنیا سے رخصت ہو جاؤں گا چنانچہ ایسا ہی ہوا۔(2)

🔶 علامہ ابن حجر مکی لکھتے ہیں کہ ہارون رشید نے آپ کو بغداد میں قید کر دیا اور تاحیات قید رکھا آپ کی وفات کے بعد ہتھکڑی اور بیڑی کٹوائی گئی۔ آپ کی وفات ہارون رشید کے زہر سے ہوئی جو اس نے ابن شاہک کے ذریعہ سے دلوایا تھا۔ جب آپ کو کھانے یا خرمہ میں زہر دیا گیا تو آپ تین روز تک تڑپتے رہے یہاں تک کہ انتقال ہوگیا۔(3)

🔶 علامہ ابن الساعی علی بن انجب بغدادی لکھتے ہیں کہ آپ کو زہر سے انتہائی مظلومی کی  حالت میں شہید کر دیا گیا۔(4)

🔶 علامہ ابوالفداء لکھتے ہیں کہ قیدخانۂ رشید میں آپ نے وفات پائی۔(5)

🔶 علامہ دیار بکری لکھتے ہیں کہ آپ کو ہارون رشیدکے حکم سے یحی بن خالد برمکی وزیراعظم نے خرمہ میں زہر دے کر شہید کردیا۔(6)

🔶 علامہ جامی لکھتے ہیں کہ آپ کو ہارون رشید نے بغداد میں لا کر تاعمر قید رکھا آخر میں اپنے وزیراعظم یحی برمکی کے ذریعہ سے قیدخانہ میں زہر دلوایا اور آپ وفات پاگئے۔(7)

🔶 علامہ مجلسی لکھتے ہیں کہ آپ کو کئی مرتبہ زہر دیا گیا لیکن آپ ہر بار محفوظ رہے۔ ایک مرتبہ آپ نے وہ خرمہ اٹھا کرجس میں زہر تھا زمیں پر پھینک دیا جسے ہارون کے کتے نے کھا لیا اور وہ مر گیا۔ کتے کے مرنے کی خبر سے ہارون رشید کو شدید رنج ہوا اور اس نے خادم سے سخت بازپرس کی۔(8)

📚 حوالہ جات:
1) نورالابصار، ص137۔
2) شواہدالنبوة، ص193۔
3) صواعق محرقہ، 132۔ ارحج المطالب، ص454۔
4) اخبارالخلفاء۔
5) ابوالفداء، جلد2، ص151۔
6) تاریخ خمیس، جلد2، ص320۔
7) شواہدالنبوة، ص193۔
8) جلاءالعیون، ص276۔

https://t.me/islamwitheman/3084
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

👈 مزید پوسٹس ۔۔۔

🌹 حضرت امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3093

🌹 شھادت امام کاظم علیہ السلام
https://t.me/islamwitheman/3094

🌹 باب الحوائج امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3095

🌹 امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3096

🌹 امام موسٰی ابن جعفر الکاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3097

🌹 امام موسٰی کاظمؑ کی اولادیں
https://t.me/islamwitheman/3098
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 باب الحوائج امام موسٰی کاظمؑ 🌹

🔷 علامہ ابن طلحہ شافعی لکھتے ہیں کہ کثرتِ عبادت کی وجہ سے عبدصالح اور خدا سے حاجت طلب کرنے کے ذریعہ ہونے کی وجہ سے آپ کو باب الحوائج کہا جاتا ہے، کوئی بھی حاجت ہو جب آپؑ کے واسطے سے طلب کی جاتی تھی تو ضرور پوری ہوتی تھی۔(1)

🔷 علامہ ابن شہرآشوب لکھتے ہیں کہ خطیب بغدادی نے اپنی تاریخ میں لکھا ہے کہ جب مجھے کوئی مشکل درپیش ہوتی ہے میں امام موسٰی کاظم علیہ السلام کے روضے پر چلا جاتا ہوں اور ان کی قبر پر دعا کرتا ہوں، میری مشکل حل ہو جاتی ہے۔(2)

🔷 فاضل معاصر علامہ علی حیدر رقمطراز ہیں کہ حضرت کا لقب باب قضاء الحوائج یعنی حاجتیں پوری ہونے کادروازہ بھی تھا۔
حضرت کی زندگی میں تو حاجتیں آپ کے توسل سے پوری ہوتی تھیں۔ شہادت کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور اب بھی ہے۔

”اخبارپایز الہ آباد 10اگست 1928ء میں زیرعنوان ”امام موسٰی کاظمؑ کے روضہ پر ایک اندھے کو بینائی مل گئی“
میں ایک خبر شائع ہوئی ہے جس کا ترجمہ یہ ہے کہ حال ہی میں روضہ کاظمین شریف پر جو شہر بغداد سے باہر ہے ایک معجزہ ظاہر ہوا ہے کہ ایک اندھا اور بوڑھا ”سید“ نہایت مفلسی کی حالت میں روضہ شریف کے اندر داخل ہوا اور جیسے ہی اس نے امام موسٰی کاظمؑ کے روضہ کی ضریح اقدس کو اپنے ہاتھ سے مس کیا وہ فوراً چلاتا ہوا باہر کی طرف دوڑا” مجھے بینائی مل گئی“ میں دیکھنے لگا ہوں، اور اس پر لوگوں کا بڑا ہجوم جمع ہو گیا اور اکثر لوگ اس کے کپڑے تبرک کے طور پر چھین جھپٹ کر لے گئے۔ اس کو تین دفعہ کپڑے پہنائے گئے اور ہر دفعہ وہ کپڑے ٹکڑے ہو کر تقسیم ہو گئے۔ آخر روضہ شریف کے خدام نے اس خیال سے کہ کہیں اس بوڑھے سید کے جسم کو نقصان نہ پہنچے اس کو اس کے گھر پہنچا دیا۔

اس سید کا بیان ہے کہ بغداد کے ہسپتال میں اپنی آنکھ کاعلاج کر رہا تھا بالآخر سب ڈاکٹروں نے یہ کہہ کر مجھے ہسپتال سے نکال دیا کہ تیرا مرض لاعلاج ہوگیا ہے اب اس کاعلاج ناممکن ہے تب میں مایوس ہوکر روضہ اقدس امام موسٰی کاظم علیہ السلام پر آیا اور یہاں آپ کے وسیلہ سے خدا سے دعا کی۔۔
”بارالہا! تجھے اسی امام مدفون کا واسطہ مجھے ازسرنو بینائی عطا کردے“
یہ کہہ کر جیسے ہی میں نے روضہ کی ضریح کو مس کیا میری آنکھوں کے سامنے روشنی نمودار ہوئی اور آواز آئی۔۔
”جا تجھے پھر سے روشنی دیدی گئی“
اس آواز کے ساتھ ہی میں ہر چیز کو دیکھنے لگا، تمام لوگ اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ ضعف العمر سید اندھا تھا، اور اب دیکھنے لگا ہے۔(3)

📚 حوالہ جات:
1) مطالب السؤل، ص278۔ صواعق محرقہ، ص131۔
2) مناقب، جلد3، ص125، طبع ملتان۔
3) اخبار انقلاب، لاہور۔ اخبار اہل حدیث امرتسر، مورخہ 24اگست 1928ء۔

https://t.me/islamwitheman/3086
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 امام موسٰی کاظمؑ 🌹

حضرت امام موسٰی کاظمؑ کی ولادت باسعادت، اسم مبارک، کنیت، القاب اور بادشاہان وقت۔۔۔

🔷 ولادت باسعادت
حضرت امام موسٰی کاظمؑ بتاریخ 7 صفرالمظفر 128ھ مطابق 745ء یوم شنبہ بمقام ابوا جو مکہ اور مدینہ کے درمیان واقع ہے پیدا ہوئے۔(1)

🔷 علامہ مجلسی تحریر فرماتے ہیں کہ پیدا ہوتے ہی آپ نے ہاتھوں کو زمین پر ٹیک کر آسمان کی طرف رخ کیا اور کلمہ شہادتین زبان پرجاری فرمایا آپ نے یہ عمل بالکل اسی طرح کیا جس طرح حضرت رسولِخداؐ نے ولادت کے بعد کیا تھا۔ آپ کے داہنے بازو پر کلمہ "تمت کلمة ربک صدقا وعدلا" لکھا ہوا تھا۔ آپ علم اولین وآخرین سے بہرہ ور متولد ہوئے تھے۔ آپ کی ولادت سے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کو بیحد مسرت ہوئی تھی۔ اور آپ نے مدینہ جا کر اہل مدینہ کو دعوت طعام دی تھی۔(2)
آپ دیگر آئمہ کی طرح مختون اور ناف بریدہ متولد ہوئے تھے۔

🔷 اسم مبارک
آپ کے والدماجد حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام نے خداوندمتعال کے معین کردہ نام ”موسٰی“ سے موسوم کیا۔
علامہ محمدرضا لکھتے ہیں کہ موسٰی قبطی لفظ ہے اور مو اور سی سے مرکب ہے۔ 'مو' کے معنی پانی اور 'سی، کے معنی درخت کے ہیں۔

اس نام سے سب سے پہلے حضرت کلیم اللہ موسوم کئے گئے تھے۔ اوراس کی وجہ یہ تھی کہ خوف فرعون سے مادرِ موسٰی نے آپ کو اس صندوق میں رکھ کر دریا میں بہایا تھا جو ”حبیب نجار“ کا بنایا ہوا تھا اور بعد میں ”تابوت سکینہ“ قرار پایا، تو وہ صندوق بہہ کر فرعون اور جناب آسیہ تک پانی کے ذریعہ سے ان درختوں سے ٹکراتا ہوا جو خاص باغ میں تھے پہنچا تھا لہذا پانی اور درخت کے سبب سے ان کانام موسٰی قرار پایا تھا۔(3)

🔷 کنیت
ابوالحسن، ابوابراہیم، ابوعلی، ابوعبداللہ تھی۔

🔷 القاب
آپ کے القاب کاظم، عبدصالح، نفس زکیہ،صابر، امین، باب الحوائج وغیرہ تھے۔
شہرت عامہ کاظم کو ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ بدسلوک کے ساتھ احسان کرتے اور ستانے والے کو معاف فرماتے اور غصہ کو پی جاتے تھے، بڑے حلیم، بردبار اور اپنے ظلم کرنے والے کو معاف کر دیا کرتے تھے۔(4)

🔷 لقب باب الحوائج کی وجہ
علامہ ابن طلحہ شافعی لکھتے ہیں کہ کثرت عبادت کی وجہ سے عبدصالح اورخدا سے حاجت طلب کرنے کے ذریعہ ہونے کی وجہ سے آپ کو باب الحوائج کہا جاتا ہے۔ کوئی بھی حاجت ہوجب آپ کے واسطے سے طلب کی جاتی تھی توضرور پوری ہوتی تھی۔(5)

🔷 علامہ ابن شہرآشوب لکھتے ہیں کہ خطیب بغدادی نے اپنی تاریخ میں لکھا ہے کہ جب مجھے کوئی مشکل درپیش ہوتی ہے میں امام موسٰی کاظم علیہ السلام کے روضے پر چلا جاتا ہوں اور ان کی قبر پر دعا کرتا ہوں میری مشکل حل ہوجاتی ہے۔(6)

🔷 باشاہانِ وقت
حضرت امام موسٰی کاظمؑ 128 ھجری میں مروان الحمار اموی کے عہد میں پیدا ہوئے۔ اس کے بعد۔۔۔
132 ھجری میں سفاح عباسی خلیفہ ہوا (ابوالفداء)۔
136 ھجری میں منصور دوانقی عباسی خلیفہ بنا۔
158 ھجری میں مہدی بن منصور مالکِ سلطنت ہوا(حبیب السیر)۔
169 ھجری میں ہادی عباسی کی بیعت کی گئی(ابن الوردی)۔
170 ھجری میں ہارون الرشید عباسی ابن مہدی خلیفہ وقت ہوا۔
183 ھجری میں ہارون کے زہر دینے سے امام علیہ السلام بحالتِ مظلومی قیدخانہ میں شہید ہوئے۔(7)

📚 حوالہ جات؛
1) انوارالنعمانیہ، ص126۔ واعلام الوری، ص171۔ جلاءالعیون، ص269، شواہدالنبوت، ص192۔ روضةالشہداء، ص436۔
2) جلاءالعیون، ص270۔
3) جنات الخلود، ص29۔
4) مطالب السؤل، ص276۔ شواہدالنبوة، ص192۔ روضةالشہداء، ص432۔ تاریخ خمیس، جلد2، ص32۔
5) مطالب السؤل، ص278۔ صواعق محرقہ، ص131۔
6) مناقب، جلد3، ص125، طبع ملتان۔
7) صواعق محرقہ اخبارالخلفاء بن راعی۔

https://t.me/islamwitheman/3094
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 امام موسٰیؑ ابن جعفرؑ الکاظمؑ 🌹

🔷 نشونما و تربیت
علامہ علی نقی لکھتے ہیں کہ آپ کی عمر کے بیس برس اپنے والدبزرگوار حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے سایہ تربیت میں گزرے ایک طرف خدا کے دئیے ہوئے فطری کمال کے جوہر اور دوسری طرف اس باپ کی تربیت جس نے پیغمبر کے بتائے ہوئے مکارم الاخلاق کی یاد کو بھولی ہوئی دنیا میں ایسا تازہ کردیا کہ انہیں ایک طرح سے اپنا بنا لیا اور جس کی بنا پر ”ملت جعفری“ نام ہوگیا۔ امام موسٰی کاظمؑ نے بچپنا اور جوانی کا کافی حصہ اسی مقدس آغوش میں گزارا، یہاں تک کہ تمام دنیا کے سامنے آپ کے ذاتی کمالات وفضائل روشن ہوگئے اور امام جعفرصادق علیہ السلام نے اپناجانشین مقرر فرما دیا باوجودیکہ آپ کے بڑے بھائی بھی موجود تھے، مگرخدا کی طرف کا منصب میراث کا ترکہ نہیں ہے بلکہ ذاتی کمال کو ڈھونڈتا ہے۔ سلسلہ معصومین میں امام حسنؑ کے بعد بجائے ان کی اولاد کے امام حسینؑ کا امام ہونا اور اولادِ امام جعفر صادق علیہ السلام میں بجائے فرزندِاکبر کے امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی طرف امامت کا منتقل ہونا اس کاثبوت ہے کہ معیارِ امامت میں نسبی وراثت کو مدنظر نہیں رکھا گیا ہے۔(1)

🔷 آپ کے بچپن کے بعض واقعات
یہ مسلمات سے ہے کہ نبی اور امام تمام صلاحیتوں سے بھرپور متولد ہوتے ہیں۔جب حضرت امام موسٰی کاظمؑ کی عمر تین سال کی تھی، ایک شخص جس کا نام صفوان جمال تھا، حضرت امام جعفر صادقؑ کی خدمت میں حاضر ہو کر مستفسر ہوا کہ۔۔
مولا! آپ کیبعد امامت کے فرائض کون اداکرے گا؟
آپؑ نے ارشاد فرمایا؛
اے صفوان! تم اسی جگہ بیٹھو اور دیکھتے جاؤ جو ایسا بچہ میرے گھر سے نکلے جس کی ہر بات معرفتِ خداوندی سے پُر ہو، اور عام بچوں کیطرح لہوولعب نہ کرتا ہو، سمجھ لینا کہ عنانِ امامت اسی کیلیے سزاوار ہے۔
اتنے میں امام موسٰی کاظمؑ بکری کا ایک بچہ لیے ہوئے برآمد ہوئے اور باہر آ کر اس سے کہنے لگے ”اسجدی ربک“ اپنے خدا کا سجدہ کر۔ یہ دیکھ کر امام صادقؑ نے اسے سینہ سے لگالیا۔(2)

صفوان کہتا ہے کہ یہ دیکھ کر میں نے امام موسٰی کاظمؑ سے کہا؛
صاحبزادے! اس بچہ کو کہیے کہ مر جائے۔

آپؑ نے ارشاد فرمایا کہ۔۔
وائے ہو تم پر، کیا موت وحیات میرے ہی اختیار میں ہے۔(3)

🔷 علامہ مجلسی لکھتے ہیں کہ ابوحنیفہ ایک دن حضرت امام جعفر صادقؑ سے مسائلِ دینیہ دریافت کرنے کے لیے حسب دستور حاضر ہوا، اتفاقاً آپؑ آرام فرما رہے تھے۔ موصوف اس انتظار میں بیٹھ گیا کہ آپ بیدار ہوں تو عرضِ مدعا کروں۔
اتنے میں امام موسٰی کاظمؑ جن کی عمر اس وقت پانچ سال کی تھی برآمد ہوئے۔ ابوحنیفہ نے انہیں سلام کر کے کہا:
اے صاحبزادے! یہ بتاؤ کہ انسان فاعل مختار ہے یا ان کے فعل کا خدا فاعل ہے؟

یہ سن کر آپ زمین پر دوزانو بیٹھ گئے اور فرمانے لگے۔۔
سنو! بندوں کے افعال تین حالتوں سے خالی نہیں، یا ان کے افعال کا فاعل صرف خدا ہے، یا صرف بندہ ہے، یا دونوں کی شرکت سے افعال واقع ہوتے ہیں۔
اگر پہلی صورت ہے تو خدا کو بندہ پر عذاب کا حق نہیں ہے۔
اگر تیسری صورت ہے تو بھی یہ انصاف کے خلاف ہے کہ بندہ کو سزا دے اور اپنے کو بچا لے کیونکہ ارتکاب دونوں کی شرکت سے ہوا ہے۔
اب لامحالہ دوسری صورت ہوگی، وہ یہ کہ بندہ خود فاعل ہے اور ارتکابِ قبیح پر خدا اسے سزا دے۔(4)

🔷 علامہ مجلسی تحریر فرماتے ہیں کہ ایک دن حضرت امام صادقؑ مکان میں تشریف فرما تھے، اتنے میں آپکے نورِنظر امام موسٰی کاظمؑ کہیں باہر سے واپس آئے۔ امام صادقؑ نے فرمایا:
بیٹے! ذرا اس مصرعے پر مصرعہ لگاؤ۔۔
”تنح عن القبیح ولامزتودہ“
بری باتوں سے دور رہو اور ان کا ارادہ بھی نہ کرو۔

آپ نے فوراً مصرعہ لگایا۔۔
”ومن اولیتہ حسنا فزدہ“
جس کے ساتھ بھلائی کرو، بھرپور کرو۔

پھر فرمایا! اس پر مصرعہ لگاؤ۔۔
”ستلقی من عدوک کل کید“
تمہارا دشمن ہرقسم کا مکروفریب کرے گا۔

آپؑ نے مصرعہ لگایا۔۔
”اذاکاوالعدوفلاتکدہ"
جب دشمن مکروفریب کرے تب بھی اسے برائی کے قریب نہیں جانا چاہئے۔(5)


📚 حوالہ جات
1) سوانح موسٰی کاظمؑ، ص4۔
2) تذکرةالمعصومین، ص192۔
3) بحارالأنوار، جلد11، ص266۔
4) بحارالأنوار، جلد11، ص185۔
5) بحارالأنوار، جلد11، ص366۔

https://t.me/islamwitheman/3096
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 امام موسیٰ کاظمؑ کی اولادیں 🌹

امام کاظمؑ کی 37 اولادیں تھیں. امام رضاؑ، احمد، حمزه اور محمد آپ کے معروف‌ ترین بیٹے اور حضرت معصومہ قمؑ معروف‌ ترین بیٹی ہیں۔

آپ کے فرزندوں کی تعداد کے بارے میں تاریخی روایات مختلف ہیں۔ شیخ مفید کا کہنا ہے کہ امام کاظمؑ کی 37 اولادیں ہیں جن میں 18 بیٹے اور 19 بیٹیاں شامل ہیں-(1)

١- علی بن موسٰى الرضا عليہما السلام
٢- إبراہيم
٣- عباس
٤- قاسم،
(ان سب کی والدہ نجمہ خاتونؑ تھیں)

٥- إسمعيل
٦- جعفر
٧- ہارون
٨- حسين، ان کی والدہ ام ولد تھیں۔
٩- أحمد
١٠- محمد
١١- حمزة، جن کی والدہ ام ولد تھیں۔
١٢- عبداللہ
١٣- إسحٰق
١٤- عبيداللہ
١٥- زيد
١٦- حسن
١٧- فضل
١٨- سليمان، ان کی والدہ ام ولد تھیں۔
١٩- فاطمۂ كبرٰى
٢٠- فاطمۂ صغرٰى
٢١- رقيہ
٢٢- حكيمہ
٢٣- أم أبيہا
٢٤- رقيہ صغرٰى
٢٥- كلثوم
٢٦- أم جعفر
٢٧- لبابہ
٢٨- زينب
٢٩- خديجہ
٣٠- عليّہ
٣١- آمنہ
٣٢- حسنہ
٣٣- بريہہ
٣٤- أم سلمہ
٣٥- ميمونہ
٣٦- أم كلثوم، ان کی مائیں بھی ام ولد ہیں۔

علیؑ بن موسیٰؑ، اعظم و افضل اولاد ہیں جن کا مدفن مشہد مقدس میں ہے۔
احمد بن موسیٰؑ معروف بہ شاہ چراغ کا مدفن شیراز میں ہے۔
حسین بن موسیٰؑ جو شیراز میں مدفون ہیں۔
محمد بن موسیٰؑ جو شیراز میں مدفون ہیں۔
حمزہ بن موسیٰؑ جو تہران کے نواحی شہر "رے" میں مدفون ہیں۔
فضل بن موسیٰؑ جو ساوہ کے نواحی گاؤں آوه میں مدفون ہیں۔
سلیمان بن موسیٰؑ جو ساوہ سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر "آوہ" نامی بستی میں مدفون ہیں۔
ہارون موسیٰؑ جو ساوہ میں مدفون ہیں۔
اسحٰق بن موسیٰؑ جو ساوہ میں مدفون ہیں۔
عبداللہ بن موسیٰؑ جو ساوہ شہر کے نواحی سب تحصیل قرہ چای کے گاؤں اوجان میں مدفون ہیں۔
قاسم بن موسیٰؑ جو عراقی صوبہ بابل کے شہر حِلّہ میں مدفون ہیں۔
آپ کی بیٹی فاطمۂ معصومہؑ مقدس شہر قم میں مدفون ہیں۔

پیروان اہلبیتؑ میں سے بعض شیعہ امام صادقؑ کی حیات میں ہی آپ کے بڑے بیٹے اسمٰعیل بن جعفرؑ کی امامت کے قائل تھے۔ اسمٰعیل کا انتقال ہوا تو کچھ لوگوں نے ان کی موت کا یقین نہیں کیا اور انہیں امام سمجھتے رہے۔ امام صادقؑ کی شہادت کے بعد ان میں سے بعض نے اسمٰعیل کی حیات سے مایوس ہو کر ان کے بیٹے محمد بن اسمٰعیل کو امام سمجھا اور اسماعیلیہ کہلائے۔

کچھ لوگ امام صادقؑ کی شہادت کے بعد عبداللہ افطح کی طرف متوجہ ہوئے اور ان کی پیروی کی اور فطحیہ کہلائے۔ امام موسٰی کاظمؑ کے زمانے کے دوسرے فرقوں میں ناووس نامی شخص کے پیروکاروں کا فرقہ ناووسیہ اور آپ کے بھائی محمد بن جعفر دیباج کی امامت کا قائل فرقہ شامل ہیں۔

امام موسٰی کاظمؑ کی شہادت کے بعد امام رضاؑ کی امامت پر اعتقاد نہ رکھنے والے افراد نے امام موسٰی کاظمؑ کی امامت پر توقف کیا اور آپؑ کو مہدی اور قائم قرار دیا اور واقفیہ کہلائے۔(2)
جبکہ مہدویت اور قائمیت کے تفکر کی جڑیں بنیادی شیعہ اصولوں میں پیوست ہیں اور اس کا سرچشمہ خاندان رسالت سے منقولہ احادیث ہیں کہ خاندان رسالت کا ایک فرد "قائم" اور "مہدی" (بارہویں امام علیہ السلام) کے عنوان سے قیام کرکے دنیا کو عدل و انصاف کا گہوارہ بنائے گا۔

📚 حوالہ جات
1- مفید، الارشاد، ج 2، ص 244.
2- نوبختی، فِرَقُ الشّیعۃ، ص77. رسول جعفریان، حیات فکری و سیاسی ائمہ، ص 379-384۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

👈 مزید پوسٹس ۔۔۔

🌹 حضرت امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3093

🌹 شھادت امام کاظم علیہ السلام
https://t.me/islamwitheman/3094

🌹 باب الحوائج امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3095

🌹 امام موسٰی کاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3096

🌹 امام موسٰی ابن جعفر الکاظمؑ
https://t.me/islamwitheman/3097

🌹 امام موسٰی کاظمؑ کی اولادیں
https://t.me/islamwitheman/3098
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕
🌹 حیاتنامہ حضرت ابوطالبؑ 🌹

🔷 ولادت
حضرت ابوطالبؑ رسول خدا (ص) کی ولادت سے 35 سال قبل پیدا ہوئے۔ ان کا سال پیدا‌‏ئش سنہ 535 عیسوی ہے اور یوں وہ 75 سال قبل از بعثت پیدا ہوئے ہیں۔

🔷 زوجہ اور اولاد
حضرت ابوطالبؑ کی زوجہ جناب فاطمہ بنت اسد بن ہاشم بن عبدمناف تھیں اور پہلی ہاشمی خاتون تھیں جو ایک ہاشمی مرد کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور صاحب اولاد ہوئیں۔
چنانچہ حضرت علی علیہ السلام پہلے ہاشمی ہیں جن کے والدین دونوں ہاشمی ہیں۔
ابن سعد لکھتے ہیں: ابوطالبؑ کے چار بیٹے اور تین بیٹیاں تھیں۔ جن کے نام عمر کی ترتیب کے لحاظ سے یہ ہیں:
بیٹے۔۔۔
1۔ طالب،
2۔ عقیل،
3۔ جعفر،
4۔ علی علیہ السلام۔

بیٹیاں۔۔۔
1۔ ام ہانی بنت ابیطالبؑ
2۔ جمّانہ بنت ابیطالبؑ
3۔ ربطہ بنت ابیطالبؑ۔

ابوطالبؑ کے تمام بیٹوں اور بیٹیوں کی والدہ فاطمہ بنت اسد علیہا السلام ہیں۔ مروی ہے کہ ان کا ایک پانچواں بیٹا بھی تھا جس کا نام طلیق تھا اور اس کی والدہ کا نام "علّہ" تھا۔

🔷 رسول اکرمؐ کی کفالت و سرپرستی
ابوطالبؑ نے اپنے والد کی ہدایت پر اپنے آٹھ سالہ بھتیجے حضرت محمدؐ کی سرپرستی کا بیڑا اٹھایا۔

ابن شہرآشوب کہتے ہیں: جناب عبدالمطلب نے وقت وصال ابوطالبؑ کو بلوایا اور کہا:
"بیٹا! تم رسولخداؐ اور کی نسبت میری محبت کی شدت سے آگاہ ہو، اب دیکھو کہ ان کے حق میں میری وصیت پر کس طرح عمل کرتے ہو"۔
ابوطالبؑ نے جوابا کہا:
"ابا جان! مجھے رسولخداؐ کی سفارش کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ وہ میرا بیٹا اور میرا بھتیجا ہے۔

ابن شہر آشوب مزید کہتے ہیں: عبدالمطلبؑ کا انتقال ہوا تو ابوطالبؑ نے رسولخداؐ کو کھانے پینے اور لباس و پوشاک میں اپنے اہلخانہ پر مقدم رکھا۔

ابن ہشام لکھتے ہیں: "ابوطالبؑ رسولخداؐ کو خاص توجہ دیتے تھے۔ اور آپؐ پر اپنے بیٹوں سے زیادہ احسان کرتے تھے، بہترین غذا آپؐ کے لئے فراہم کرتے تھے اور آپؐ کا بستر اپنے بستر کے ساتھ بچھا دیتے تھے اور ان کو ہمیشہ ساتھ رکھنے کی کوشش کرتے تھے۔"

ابوطالبؑ جب بھی اپنے بیٹوں بیٹیوں کو کھانا کھلانے کے لئے دسترخوان بچھا کر کہا کرتے تھے کہ "رک جاؤ کہ میرا بیٹا (رسولخداؐ) آجائے۔

🔷 وفات اور عام الحزن
حضرت ابوطالبؑ کی تاریخ وفات کے بارے میں بھی مختلف اقوال پائے جاتے ہیں۔ لیکن بعض شیعہ منابع میں ان کی تاریخ وفات 26 رجب ہے جب کہ اس سے صرف تین روز قبل حضرت خدیجہؑ وفات پا چکی تھیں۔
حضرت ابوطالبؑ 85 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ بعض منابع میں مروی ہے کہ ابوطالبؑ پندرہ شوال (اہلسنت علماء کے نزدیک) یا یکم ذوالقعدہ یا 26 ربیع الاول (شیعہ علماء) کو دنیا سے رخصت ہوئے ہیں۔ اور رسولخداؐ نے حضرت خدیجہؑ اور حضرت ابوطالبؑ کے سال وفات کو عام الحزن (دکھوں کا سال) قرار دیا۔

🌹 پیامبر اسلامؐ نے ارشاد فرمایا۔۔
جب تک ابو طالبؑ زندہ رہے قریش مجھ سے دور رہتے تھے۔ تاریخ دمشق، ج66، ص339۔

🌹 امام صادقؑ فرماتے ہیں۔۔
اگر ایمانِ ابو طالبؑ کو ترازو کے ایک پلڑے میں اور باقی سب لوگوں کے ایمان کو دوسرے پلڑے میں رکھا جائے تو ایمانِ ابو طالبؑ کا پلڑا سنگین تر ہوگا۔ بحارالأنوار، ج36، ص112۔

اَلسَّلاَمُ عَلَيْكَ يَا سَيِّدَ الْبَطْحَاءِ وَابْنَ رَئِيْسِهَا
اَلسَّلاَمُ عَلَيْكَ يَا وَالِدَ الْأئِمَّةِ الْهُدٰى۔

خدا رب العزت سے دعا ہے کہ ہم سب کو حق شناسی عطا فرمائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
https://t.me/islamwitheman/3102
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

👈 مزید پوسٹس۔۔۔

🔶 رحلت حضرت ابوطالب علیہ السلام
https://t.me/islamwitheman/2060

🌹 حیاتنامہ حضرت ابوطالب علیہ السلام
https://t.me/islamwitheman/3104

🌹 تاریخ حضرت ابوطالب علیہ السلام
https://t.me/islamwitheman/3105
⭕ ISLAM WITH EMAN ⭕